لکھنؤ کے ہوٹل میں تاجر نے خود کو گولی مار کر کی خودکشی، گرل فرینڈ کی بلیک میلنگ سے تنگ آ کر یہ قدم اٹھایا
لکھیم پور کے ایک تاجر نے اپنی گرل فرینڈ کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ اس نے لکھنؤ کے ایک ہوٹل میں خود کو گولی مار لی۔ پولیس کو موقع سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے۔
گرل فرینڈ کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر لکھنؤ کے سیر پور تھانہ علاقے کے ہوٹل ڈرپ ان میں ایک تاجر نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پولیس کو موقع سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جس میں تاجر نے لکھا ہے کہ اگر مرنے کے بعد بھی انصاف نہ ملا تو روح کو سکون نہیں ملے گا۔
نیوز پورٹل ’ٓآج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق لکھیم پور کا رہنے والا منوج سونی پیشہ سے تاجر تھا۔ لکھیم پور میں اس کی ایک دکان تھی، جہاں اس کی ملاقات ایک لڑکی سے ہوئی جو سیتا پور کی رہنے والی تھی۔ لڑکی نے منوج کا نمبر لیا اور اسے کال کرنے لگی۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ لڑکی نے منوج سونی کو اپنے پیار کے جال میں پھنسا لیا اور دونوں ایک دوسرے کے قریب آگئے۔ آہستہ آہستہ لڑکی نے منوج سے پیسوں کا مطالبہ کرنا شروع کر دیا اور پیسے نہ ملنے پر اسے جیل بھیجنے کی دھمکی دی۔ یہی نہیں، اس نے ایک بار منوج کو عصمت دری کے الزام میں جیل بھی بھجوایا تھا۔
گرل فرینڈ کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر منوج لکھیم پور سے سیتا پور چلا گیا تھا، لیکن گرل فرینڈ نے اسے دھمکیاں دینا بند نہیں کیں، یہاں تک کہ منوج کو سیتا پور کے پساوا تھانے کی پولیس نے ریپ کیس میں جیل بھیج دیا۔ مرنے سے پہلے نوجوان نے خودکشی نوٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ اس کے پاس ایک پلاٹ تھا جو اس نے 7 لاکھ روپے میں بیچا، لیکن آہستہ آہستہ لڑکی کی مانگ بڑھتی گئی جس کی وجہ سے اس نے 9 لاکھ روپے دے دیئے۔ اس خودکشی نوٹ کی تصدیق فورنسک جانچ کے بعد ہی ہوگی۔جب ذہنی اذیت عروج پر پہنچ گئی تو لڑکی کے تشدد اور ذہنی اذیت سے تنگ آکر منوج نے ہوٹل ڈرپ ان کے ایک کمرے میں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اس معاملے میں معلومات دیتے ہوئے ڈی سی پی نارتھ ابھیجیت آر شنکر نے بتایا کہ سیر پور پولیس اسٹیشن میں واقع ہوٹل ڈرپ ان کے کمرہ نمبر 10 کے اندر ایک شخص نے 315 بور کے غیر قانونی پستول سے اپنی دائیں کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کرلی۔ جس کے بعد پولس دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی اور جانچ کے بعد پتہ چلا کہ مرنے والے کا نام منوج کمار سونی ہے جو لکھیم پور کھیری ضلع کا رہنے والا ہے۔ ابھیجیت نے بتایا کہ متوفی کے پاس سے ایک 315 بور کا پستول، ایک زندہ کارتوس اور ایک خالی کارتوس ملا ہے۔ اس کے علاوہ متوفی کے پاس سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔ ڈی سی پی نے مزید کہا کہ فورنسک ٹیم جائے واردات کا معائنہ کر رہی ہے۔ گھر والوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔ پنچایت نامہ بھرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔