نئے ’ہٹ اینڈ رن‘ قانون کے خلاف بس اور ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم، پٹرول پمپوں پر قطاریں

مرکزی حکومت کی طرف سے لائے گئے ’ہٹ اینڈ رن‘ کے نئے قانون کے خلاف بس-ٹرک ڈرائیور ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، پٹرول پمپوں پر بھی قطاریں نظر آ رہی ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک بھر میں بس او ٹرک ڈرائیورز مرکزی حکومت کی طرف سے لائے گئے 'ہٹ اینڈ رن' (سڑک حادثہ ہو جانے کے بعد موقع سے فرار ہو جانا) قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ٹرک ڈرائیوروں نے اپنے ٹرک سڑکوں پر کھڑے کر دیے اور ممبئی، اندور، دہلی-ہریانہ، یوپی سمیت کئی مقامات پر سڑکیں بلاک کر دیں۔

خیال رہے کہ مرکزی حکومت نے جرائم کے حوالے سے نئے قانون منظور کئے ہیں ہیں، جس کے تحت اگر کوئی بس یا ٹرک ڈرائیور کسی کے روند کر فرار ہو جاتا ہے تو اسے 10 سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ 7 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ پہلے اس کیس میں ملزم ڈرائیور کو چند دنوں میں ضمانت مل جاتی تھی اور وہ تھانے سے ہی رہا ہو جاتا تھا۔ تاہم اس قانون کے تحت بھی دو سال قید کی سزا سنائی جا سکتی تھی۔


حکومت کے اس فیصلے پر ڈرائیوروں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سراسر غلط ہے۔ حکومت کو یہ قانون واپس لینا ہوگا۔ اس حوالے سے گریٹر نوئیڈا کے ایکوٹیک 3 علاقے میں ٹرک ڈرائیوروں نے اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے سڑک بلاک کر دی اور نعرے بازی کی۔ تاہم پولیس کے سمجھانے پر انہوں نے اپنی گاڑیاں ہٹا دیں۔

مدھیہ پردیش کے اندور میں ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال سے پٹرول پمپ بھی متاثر ہوئے۔ یہاں کے پٹرول پمپ پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کی یہ ہڑتال تین دن تک چلے گی۔ جس کی وجہ سے پٹرول پمپ تک ایندھن نہیں پہنچ سکے گا۔ یہ خبر پھیلتے ہی لوگ پٹرول پمپ پر پہنچنا شروع ہو گئے جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔


ہڑتال کا اثر ایم پی، دہلی کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر میں بھی نظر آیا۔ جہاں حکومت کی طرف سے لائے گئے نئے قانون کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ ان کی ہڑتال کے باعث سڑکوں پر طویل ٹریفک جام رہا۔

راجستھان کے ہنومان گڑھ ضلع میں ٹرک اور بس ڈرائیور بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے اس قانون کے خلاف ہائی وے کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔ اس کے بعد ڈرائیور ضلع کلکٹریٹ پہنچا، جہاں اس نے حکومت اور انتظامیہ کو سخت وارننگ بھی دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔