بلند شہر: انسپکٹر قتل کے معاملہ میں مزید پانچ ملزمان گرفتار
پولس انسپکٹر جنرل (کرائم) ایس کے بھگت نے بتایا کہ سیانہ میں انسپکٹر سبودھ کمار قتل کے معاملہ میں چندر، روہت، سونو، نتن اور جتیندر کو گرفتار کیا گیا ہے، اب تک مجموعی طور پر 9 ملزمین گرفتار ہو چکے ہیں۔
لکھنو: اترپردیش کے بلند شہر کی سیانا کوتوالی کے انچارج سبودھ سنگھ کے قتل کے معاملہ میں پولیس نے جمعہ کو پانچ مزید ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔
پولس انسپکٹر جنرل (کرائم) ایس کے بھگت نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تین دسمبر کو سیانا کوتوالی علاقہ میں گؤکشی کے واقعہ کے بعد ہوئی پرتشددجھڑپ میں سبودھ سنگھ کو قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں چندر، روہت، سونو، نتن اور جتیندر کو آج گرفتار کرلیا گیا۔ اس معاملہ میں اب تک مجموعی طورپر 9 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزمین میں کوئی بھی نامزد نہیں ہے۔ واقعہ کی ویڈیو فوٹیج اور چشم دیدوں کی گواہی کی بنیاد پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ تمام سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ معاملہ میں شامل دیگر ملزمین کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیں مسلسل دبش دے رہی ہیں۔
شہیدکوتوال کے قتل میں جیتو فوجی نامی فوج کے ملازم کے ملوث ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس نے بتایا کہ جیتو انسپکٹر قتل معاملہ میں نامزد ملزم ہیں۔ شروعاتی جانچ کے مطابق وہ جموں وکشمیر میں تعینات ہیں۔ پولیس کی ایک ٹیم وہاں گئی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں جیتو کا کیا کردار تھا یہ خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تفتیش میں پتہ چلے گا۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (نوٹفکیشن)ایس بی شرودکر نے اس معاملہ میں کی گئی جانچ کی خفیہ رپورٹ آج مجاز حکام کو بھیج دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ٹی کی جانچ رپورٹ میں ابھی کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ وہ واردات کے ایک ایک پہلو پر غور کرکے تفتیش کررہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ تین دسمبر کو بلند شہر کے سیانا علاقہ ک چنگراوٹی علاقہ میں گؤ کشی کے معاملہ پر مشتعل بھیڑ کے تشدد میں تھانہ کوتوالی میں تعینات انسپکٹر سبودھ سنگھ اور سمت نامی ایک دیگر نوجوان کی موت ہوگئی تھی۔ اس معاملہ میں 27 نامزد لوگوں اور 50-60نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Dec 2018, 8:09 PM