بلند شہر تشدد: پولس نے دیواروں پر چسپاں کیں ملزمین کی تصاویر
بلند شہر تشدد معاملے میں پولس نے فرار 23 ملزمین میں سے 18 کی تصویریں جاری کی ہیں۔ پولس نے ان کی منقولہ ملکیت کو ضبط کرنے کی بات بھی کہی ہے۔
بلند شہر تشدد معاملے میں پولس نے فرار 23 ملزمین کے ناموں پر مشتمل پوسٹر شہر کی دیواروں پر چسپاں کیا ہے جن میں 18 ملزمین کی تصویریں بھی شامل ہیں۔ پولس نے ملزمین کا نام اور پتہ بھی تصویروں کے نیچے دیا ہے۔ یہ پوسٹر شہر کے چوراہوں پر چپکے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پولس نے ان ملزمین کی منقولہ ملکیت ضبط کرنے کی بات بھی کہی ہے۔ چوک چوراہوں پر پولس نے جو پوسٹر لگایا ہے اس میں فرار ملزمین کی خبر دینے والوں کو انعام دینے اور ان کا نام خفیہ رکھے جانے کی بات بھی لکھی گئی ہے۔
اس سے قبل پولس سبھی ملزمین کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر چکی ہے۔ عدالت سے غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد پولس ان کی گرفتاری کے لیے چنگراوٹھی، مہاب، نیا بانس سمیت دیگر گاؤں میں لگاتار دَبش دے رہی ہے۔ وہیں پولس نے بدھ کو دو ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ملزمین گاؤں چنگراوٹھی کے موہت اور نتن ہیں۔ پولس اب تک 11 ملزمین کو جیل بھیج چکی ہے۔
بلند شہر ایس ایس پی پربھاکر چودھری کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ ’’ایس آئی ٹی سیانا میں ہوئے اس واقعہ کی جانچ کر رہی ہے۔ کچھ ملزمین کو جیل ہوئی ہے اور باقی ملزمین کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ ملزمین کی گرفتاری کے لیے لگاتار کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 3 دسمبر کو بلند شہر میں برپا تشدد میں پولس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ اور چنگراوٹھی گاؤں کے رہنے والے سمت سنگھ کی موت ہو گئی تھی۔ سیانا علاقے کے چنگراوٹھی علاقے میں مبینہ گئوکشی کے معاملے پر بھیڑ مشتعل ہو گئی تھی۔ انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل معاملے میں گرفتار فوجی جتندر عرف جیتو فوجی ابھی عدالتی حراست میں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Dec 2018, 3:03 PM