بلندشہر: سہ روزہ عالمی تبلیغی اجتماع یکم دسمبر سے، جنگی پیمانے پر تیاریاں جاری

اجتماع کی خصوصی تیاریوں کے لئے ایسے ہزاروں نوجوان انتظامات میں مصروف ہیں جن میں سے کسی کو بھی مزدوری پر نہیں بلایا گیا ہے، تمام نوجوان رضاکارانہ طور پر کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بلندشہر: اتر پردیش کے بلند شہر ضلع کے دریاپور میں یکم، دو اور تین دسمبر کو ایک عظیم الشان تبلیغی اجتماع منعقد ہونے جا رہا ہے۔ اس اجتماع میں دنیا بھر کے علما دین اور لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت متوقع ہے۔

دریاپور میں منعقد ہونے جا رہے تبلیغی اجتماع میں لوگوں کو کسی طرح کی پریشانی نہ ہو اس کے لئے ہزاروں نوجوان گزشتہ دو مہینوں سے دن رات تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بلندشہر اور ملحقہ علاقوں کے مسلمان ملک و بیرون سے آنے والے مہمانان کے استقبال میں کوئی کثر نہیں چھوڑنا چاہتے۔ اجتماع گاہ قومی شاہراہ (این ایچ-91) پر تیار کی گئی ہے اور اس کے لئے اکبرپور اور دریاپور سمیت کئی گاؤں کی زمین استعمال کی گئی ہے۔

غور طلب ہے کہ اجتماع کی خصوصی تیاریوں کے لئے تقریباً 2 ہزار نوجوان روزانہ انتظامات میں مصروف ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان نوجوانوں میں سے ایک بھی ایسا نہیں ہے جسے مزدوری پر بلایا گیا ہو تمام نوجوان رضاکارانہ طور پر کاموں میں لگے ہوئے ہیں۔ اجتماع گاہ پر لوگوں کے لئے ہزاروں کی تعداد میں عاضی وضوخانے اور بیت الخلا تعمیر کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بیٹھنے کے لئے انتظام، سردی اور بارش سے بچنے کے لئے ٹینٹ کا بہترین انتظام کیا گیا ہے، اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ حفاظت کے پیش نظر اجتماع گاہ پر ایک عارضی پولس تھانے کا بھی قیام کیا گیا ہے۔

پولس نے جاری کیا روٹ پلان

وسیع پیمانے پر منعقد کئے جا رہے اجتماع میں کسی کو پریشانی نہ ہو اس کے لئے پولس اور انتظامیہ نے بھی خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ پولس نے اجتماع گاہ تک جانے کا روٹ پلان جاری کر دیا ہے، یہ روٹ پلان 29 نومبر کی صبح 8 بجے سے نافذ کر دیا گیا ہے اور 4 دسمبر تک اس کا نفاذ رہے گا۔

بھوڑ چوراہا بلندشہر سے اڈھولی چوراہا بائی پاس سکندرآباد روڈ اجتماع گاہ کی جانب جانے والے راستوں پر تمام بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت پر روک رہے گی۔ گنگیرو فلائی اوور بلند شہر سے سکھلال پور تراہا سکندرآباد تک تمام بھاری گاڑیوں کے جانے پر روک لگا دی گئی ہے۔ بلند شہر سے دہلی، غازی آباد اور نوئیڈا جانے والی تمام بھاری گاڑیوں کو وایا گنگیرو چولا سکندرآباد یا چولا سے ککوڑ کے راستہ سے گزرنا ہوگا۔

دہلی غازی آباد سے اور نوئیڈا سے بلند شہر بدایوں کی جانب جانے والی بھاری گاڑیوں کو وایا سکندرآباد روڈ (گلاوٹھی فلائی اوور کے نیچے سے) گلاوٹھی ہوتے ہوئے شکارپور تراہے کی طرف جائیں گے۔

دہلی غازی آباد اور نوئیڈا سے کھرجا علی گڑھ کی طرف جانے والی بھاری گاڑی سکندرآباد روڑ (وایا گلاوٹھی فلائی اوور) گلاوٹھی ہوتے ہوئے بھوڑ کی طرف جائیں گے۔

ایس ایس پی کے بی سنگھ نے ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں کو ہلکی رفتار سے چلائیں۔ پولس نے شراب پیکر ڈارئیونگ نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔ پولس نے کہا ہے کہ حالت نشہ میں پائے جانے والے ڈرائیور پر کارروئی عمل میں لائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Nov 2018, 4:09 PM