کمل ناتھ نے مرکز کے بجٹ کو عوام کے ساتھ چھلاوہ قرار دیا

کمل ناتھ نے بجٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں کی طرح مودی حکومت کا یہ بجٹ چھلاوہ ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ آج کا بجٹ عوام کے لیے راحت بخش ثابت ہوگا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے مرکز کی مودی حکومت کی جانب سے آج پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بجٹ کو عوام کے ساتھ چھلاوہ اور جملہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے واضح ہو گیا ہے کہ اب یہ حکومت عوام کو اچھے دن نہیں دکھا سکے گی۔

کمل ناتھ نے بجٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ برسوں کی طرح مودی حکومت کا یہ بجٹ چھلاوہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امید تھی کہ آج کا بجٹ عوام کے لیے راحت بخش ثابت ہوگا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ جس طرح سے حکومت گذشتہ بجٹ میں اچھے دن نہیں دکھا سکی، اب موجودہ حکومت کے آخری بجٹ سے یہ امید پوری طرح ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے بجٹ کو پوری طرح آئندہ لوک سبھا الیکشن کے پیش نظر انتخابی اعلانات سے پُر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے کئی اعلانات انتخابی فائدہ اٹھانے کے لیے ہیں۔ کسان، مزدور، غریب اور گئو ماتا کی یاد بھی مرکزی حکومت کو آنے لگی ہے۔ ان طبقوں کو پہلے خوب دھوکہ دیا گیا۔ بجٹ میں کسانوں کو قرض سے چھٹکارہ، نوجوانوں کو روزگار مہیا کرانے، نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے تباہ ہونے والے تاجروں کو راحت دینے کےلیے کوئی التزام نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ کسانوں کے لیے اعلان کردہ راحت ’اونٹ کے منھ میں زیرا‘ ثابت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔