بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ’سبھی ریاستوں‘ میں تنہا انتخاب لڑنے کا کیا اعلان

مایاوتی نے مرکزی اور یو پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی کسان تحریک کی حمایت کر رہی ہے اور مرکز کو چاہیے کہ وہ زرعی قوانین کو فوری طور پر واپس لے۔

مایاوتی، تصویر آئی اے این ایس
مایاوتی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ ان کی پارٹی 2022 کا اتر پردیش اسمبلی انتخاب اور دیگر ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات تنہا لڑے گی۔ ساتھ ہی مایاوتی نے اعلان کیا کہ ریاست میں ہونے جا رہے سہ سطحی پنچایت انتخاب میں بھی ان کی پارٹی تنہا اپنے دم پر لڑے گی۔

بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں تنہا اترنے سے متعلق اعلان کیا۔ انھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ ان کی پارٹی کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کا ارادہ نہیں کر رہی ہے اور نہ ہی کسی اتحاد میں شامل ہوگی۔


مایاوتی نے اس دوران مرکزی اور ریاست کی بی جے پی حکومتوں پر تلخ حملہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی ایس پی کسان تحریک کی حمایت کر رہی ہے اور مرکز کو چاہیے کہ وہ زرعی قوانین کو فوراً منسوخ کرے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اتر پردیش میں نظام قانون کی حالت بدتر ہے اور ذات پات کی بنیاد پر لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اپنے راہنما آنجہانی کانشی رام کی جینتی کے موقع پر ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ان کے نظریات پر چل کر ہی کمزور طبقہ کے لوگوں کی حالت میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ آنجہانی کانشی رام نے انھیں غریبوں کے استحصال کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے لیے ترغیب دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔