یو پی میں غنڈہ راج: مٹھائی کا ڈبہ لے کر بدمعاش دفتر میں گھسے اور پھر پستول نکال کر مسلم لیڈر کو بھون ڈالا

امیٹھی کے بعد بجنور میں برسرعام بی ایس پی لیڈر حاجی احسان اور ان کے بھانجے کو گولیوں سے بھون دیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں دہشت کا ماحول ہے اور ریاست میں بڑھ رہے جرائم پر لوگ متفکر ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کی یوگی حکومت میں بے خوف بدمعاشوں نے ایک بار پھر اپنی دہشت لوگوں کے دلوں میں بڑھا دی۔ لوٹ پاٹ اور قتل کی خبریں روزانہ سرخیاں بنتی ہی رہتی ہیں لیکن امیٹھی کے بعد بجنور میں دن دہاڑے سیاسی لیڈر کے قتل نے علاقے میں دہشت کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ لگاتار بڑھ رہے جرائم پر لوگ متفکر ہیں اور خوف کے عالم میں مبتلا ہیں۔ دراصل بہوجن سماج پارٹی کے مسلم لیڈر حاجی احسان اور ان کے بھانجے شاداب کو گولی سے بھون کر انھیں موت کی نیند سلا دیا گیا۔ واقعہ نجیب آباد تھانہ حلقہ کا ہے جہاں موٹر سائیکل پر سوار تین بدمعاشوں نے 28 مئی کو پراپرٹی ڈیلر حاجی احسان کو ان کے بھانجے کے ساتھ دفتر میں نشانہ بنایا۔

بتایا جا رہا ہے کہ حاجی احسان (55 سال) اپنے بھانجے شاداب (28) کے ساتھ تھانہ نجیب آباد میں گرودوارے کے قریب واقع ایک احاطہ میں اپنے پراپرٹی کاروبار کے دفتر میں بیٹھے ہوئے تھے۔ اسی درمیان دوپہر تقریباً ڈھائی بجے دو لڑکے ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبہ لیے اندر اور بی ایس پی لیڈر حاجی احسان سے نام پوچھا پھر ڈبے سے پستول نکال کر ان پر گولیاں چلا دیں۔


حاجی احسان کے بھانجے شاداب نے بدمعاشوں کو روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے اس پر بھی گولیاں چلا دیں۔ حملے میں حاجی اور شاداب دونوں کی موت ہو گئی۔ پولس نے بتایا کہ واقعہ کو انجام دے کر تینوں بدمعاش فرار ہو گئے۔ مقامی پولس کے مطابق ابھی تک حاجی احسان سے کسی کی دشمنی کی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن قاتلوں کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

قتل کی خبر ملتے ہی پولس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی تفتیش شروع ہو گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واردات کے وقت حاجی حسن اپنے دفتر میں ایک مذہبی کتاب پڑھ رہے تھے۔ گولیاں لگنے کے بعد حاجی احسان اور ان کے بھانجے شاداب کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔