بی جے پی کی ’کھیون ہار‘ بن گئی ہے بی ایس پی: کانگریس

نائب صدر جمہوریہ کے لئے ہونے والے الیکشن میں بی ایس پی کی طرف سے این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکڑ کو حمایت دینے کا اعلان کئے جانے کے بعد کانگریس نے بی ایس پی کو ہدف تنقید بنایا ہے

بی ایس پی سربراہ مایاوتی / آئی اے این ایس
بی ایس پی سربراہ مایاوتی / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

امیٹھی: نائب صدرجمہوریہ کے لئے ہونے والے الیکشن میں این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکڑ کو بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی حمایت دئیے جانے کے اعلان کے بعد کانگریس بی ایس پی کے اس فیصلے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پارٹی سپریمو مایاوتی پر بی جے پی کی ’کھیون ہار‘ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

یوپی کانگریس کے سکریٹری و سابق ایم ایل سی دیپک سنگھ نے بدھ کومایاوتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اب بی ایس پی سیاسی پارٹی نہیں رہ گئی ہے۔ بلکہ اب وہ بی جے پی کی حامی پارٹی بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی ایس پی ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ مایاوتی نے 6 اگست کو ہونے والے نائب صدرجمہوریہ کے الیکشن میں این ڈی اے امیدوار کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے صدرجمہوریہ کے الیکشن میں بھی بی ایس پی نے این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔سنگھ نے کہا کہ مایاوتی کے ذریعہ لیا گیا کوئی فیصلہ جو بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہونے والا ہو وہ اب حیران کن نہیں ہوتا ہے۔ کانگریس پارٹی پہلے سے ہی اس بات کو جانتی ہے۔ بی ایس پی اور بی جے پی ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے آگے کہا کہ جب جب بی جے پی بحران میں آتی ہے بی ایس پی بی جے پی کی مددگار بن کر کھڑی ہوجاتی ہے۔ پہلے کانگریس جو بات کہتی تھی اب ایک کے بعد ایک ثابت ہوتا جارہا ہے۔ کانگریس پارٹی کا یہ قول مصدقہ طور پر سچ ثابت ہوا ہے کہ بی ایس پی اب پارٹی کے طور پر نہیں رہی بلکہ بی جے پی کی اتحادی جماعت کے طور پرپہچانی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔