اپنے شوہروں کو مودی کے پاس بھیجنے سے ڈرتی ہیں بی جے پی لیڈروں کی بیویاں: مایاتی
مایاوتی نے پی ایم مودی پر طنز کستے ہوئے آج کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی بیویاں اپنے شوہروں کو مودی کے پاس نہیں جانے دینا چاہتیں۔ انھیں خوف ستاتا ہے کہ پی ایم کی طرح ان کے شوہر بھی انھیں چھوڑ نہ دیں۔
اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زبردست طنزیہ حملہ کیا ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ پی ایم مودی اجتماعی عصمت دری جیسے واقعات پر بھی سیاست کر رہے ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔
مایاوتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’نریندر مودی پہلے الور دلت خاتون کے استحصال کے واقعہ پر خاموش تھے، لیکن میرے بولنے کے فوراً بعد اس کی آڑ میں اپنی گھناؤنی اور نفرت انگیز سیاست کرنے سے باز نہیں آ رہے ہیں تاکہ انتخاب میں ان کی پارٹی کو فائدہ پہنچے۔ یہ بے حد شرمناک ہے۔ وہ دوسروں کی بہن، بیٹی اور بیوی کی عزت کیسے کر سکتے ہیں جب کہ وہ اپنی بیوی کو ہی بے سہارا چھوڑ چکے ہیں۔‘‘
بی ایس پی سربراہ نے وزیر اعظم مودی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی بیویاں اپنے شوہروں کو مودی کے پاس نہیں جانے دینا چاہتی ہیں۔ ایسا وہ اس لیے کرتی ہیں کیونکہ انھیں ڈر ہے کہ پی ایم مودی کی طرح ان کے شوہر بھی کہیں انھیں چھوڑ نہ دیں۔
مایاوتی نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’مجھے تو یہ بھی معلوم ہے کہ بی جے پی میں خاص کر شادی شدہ خواتین اپنے آدمیوں کو مودی جی کے نزدیک جاتے دیکھ کر یہ سوچ کر بہت زیادہ گھبرا جاتی ہیں کہ کہیں یہ مودی اپنی بیوی کی طرح ہمیں بھی اپنے شوہر سے الگ نہ کروا دیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔