’بی ایس این ایل‘ سرکاری حکم نامے کے باوجود ’براڈبینڈ سروس‘ بحال کرنے میں ناکام
سرکاری حکم نامے کے باوصف بی ایس این ایل براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے میں ناکام ہے جس کے باعث صارفین پریشان ہیں وہیں اور نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس کی طرف رجوع کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں
سری نگر: سرکاری حکم نامے کے باوصف سرکاری مواصلاتی کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے میں ہنوز ناکام ہوئی ہے جس کے باعث کمپنی کے صارفین جہاں ایک طرف پریشان ہیں وہیں وہ دوسری طرف نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس کی طرف رجوع کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔
متذکرہ کمپنی کے صارفین کا الزام ہے کہ براڈ بینڈ گزشتہ سات ماہ سے معطل ہونے کے باجود بھی ان سے باقاعدہ بل وصولی جاتی ہے۔
بتادیں کہ جموں کشمیر انتظامیہ نے 24 جنوری کو وادی میں ٹو جی موبائل انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کے لئے حکمنامہ جاری کیا تھا جس کے پیش نظر اگرچہ نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس نے براڈ بینڈ سروس بحال کی تاہم بی ایس این ایل قریب ایک ماہ بیت جانے کے باوجود بھی سروس بحال کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔
دریں اثنا بی ایس این ایل ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ صارفین کو براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس عنقریب بحال کی جائے گی۔
انہوں نے کہا: ‘فائر وال نصب کرنے کا عمل آخری مرحلے میں ہے، ہمارے صارفین عنقریب براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس کا استعمال کریں گے’۔ کمپنی کے صارفین کے ایک گروپ نے یو این آئی اردو کے ساتھ اپنے مشکلات کو شیئر کرتے ہو ئے کہا: ‘سرکار کی طرف سے حکم نامے کے باوجود بھی بی ایس این ایل نے براڈ بینڈ سروس بحال نہیں کی ہے جس کے باعث ہم گوناگوں مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں’۔
ایک صارف نے کہا کہ ہم نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس کی طرف رجوع کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا: ‘ہم اب نجی انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرس کی طرف رجوع کرنے پر مجبور ہورہے ہیں، آخر ہم کب تک انتظار کریں گے، ہمیں مشکلات درپیش ہیں’۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ گزشتہ سات ماہ سے براڈ بینڈ سروس معطل ہونے کے باوجود بھی ان سے باقاعدہ بل وصولی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس این ایل کا سست طریقہ کار صارفین کو دوسری نجی کمپنیوں کی طرف رجوع کرنے پر مجبور کررہا ہے جو حق بجانب ہے۔ اس سے کمپنی کا مالی بحران مزید سنگین ہوگا۔
ادھر وادی میں صارفین ٹو جی موبائل انٹرنیٹ کی بحالی سے ناخوش اور نالاں ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ٹو جی انٹرنیٹ موبائل کی بحالی برائے نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ای میل نہیں کیا جاسکتا ہے کوئی فائل ڈاون لوڈ کرنے کی بات ہی نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بی ایس این ایل ذرائع نے یو این آئی ارود کو بتایا تھا کہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے فائر وال نصب کیا جارہا ہے اور عنقریب سروس بحال کی جائے گی لیکن فی الوقت کپمنی براڈ بینڈ سروس بحال کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔