وادی کشمیر: بڈگام کے میں بی ایس ایف کی گاڑی حادثہ کا شکار، 4 جوان جاں بحق، 36 زخمی

بڈگام کے وترہیل علاقے میں بی ایس ایف کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں 4 جوان جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے۔ 12 زخمیوں کی حالت نازک ہے، اور انہیں سری نگر منتقل کر دیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے وترہیل علاقے میں جمعہ کی شام بی ایس ایف کی ایک گاڑی الیکشن ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 4 جوان جاں بحق اور 36 دیگر زخمی ہو گئے۔ یو این آئی اردو کے مطابق زخمیوں میں سے 12 اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے سری نگر کے ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب بی ایس ایف اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی الیکشن ڈیوٹی پر تھی اور وترہیل کے دشوار گزار علاقے میں اچانک سڑک سے لڑھک گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق گاڑی میں 40 اہلکار سوار تھے۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کام شروع کیا۔

مقامی لوگوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر گاڑی کے نیچے دبے ہوئے اہلکاروں کو نکالنے کی کوشش کی اور ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے باعث متعدد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا جا سکا۔


ریسکیو آپریشن میں شامل مقامی افراد، ایس ڈی آر ایف (اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) اور پولیس کی مشترکہ کوششوں سے 4 جوانوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے جوانوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ضلع ہسپتال بڈگام منتقل کیا گیا، جہاں سے شدید زخمیوں کو سری نگر ریفر کر دیا گیا۔

ضلع ہسپتال بڈگام میں تعینات ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ ہسپتال میں 33 زخمی جوانوں کو لایا گیا، جن میں سے 2 پہلے ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔ مزید دو جوان ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ڈاکٹر نے مزید کہا کہ زخمی اہلکاروں میں سے ایک درجن کی حالت نازک ہے اور انہیں بہتر علاج کے لیے فوری طور پر سری نگر کے بڑے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس ڈی آر ایف اور پولیس نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ حادثے کے مقام پر پہنچتے ہی فورسز نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر گاڑی کے نیچے دبے اہلکاروں کو باہر نکالنے کا کام کیا۔ فورسز کے مطابق حادثے میں 36 جوان زخمی ہوئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

حادثے کی تحقیقات کے حوالے سے انتظامیہ نے واقعے کی مکمل جانچ کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق گاڑی دشوار گزار راستے پر قابو نہ پا سکی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔