اپنے بچوں کے ماما کو بھی یقین نہیں دلا پائے شیوراج ماما! کانگریس کا طنز
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے ’سالے‘ سنجے سنگھ نے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ان پر نشانہ لگایا اور کہا کہ کام کرنے والے لوگوں کو بی جے پی میں نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے کیوںکہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ کے گھر میں بغاوت ہو گئی ہے۔ ہفتہ کے روز وزیراعلی کے سالے سنجے سنگھ ایم پی کانگریس میں شامل ہو گئے۔ شیوراج سنگھ کی بیوی سادھنا سنگھ کے بھائی سنجے سنگھ نے دہلی میں کانگرس میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔
سنجے سنگھ نے دہلی میں واقع کانگریس ہیڈ کوارٹر میں مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ اور پارٹی لیڈر جیوترادتیہ سندھیا کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ مدھیہ پردیش میں 28 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد سنجے سنگھ نے وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے کمل ناتھ کے نام کی پر زور سفارش کی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اب مدھیہ پردیش کو شیوراج کی نہیں ’ناتھ‘ کی ضرورت ہے۔ سنگھ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں شیوراج کا راج بہت ہوگیا۔ انہوں نے 13 سال تک مدھیہ پردیش کی باگ ڈور سنبھالی ہے اب کمل ناتھ کو وقت ملنا چاہیے۔
سنجے سنگھ نے کہا کہ لوگ اس وقت جن کی طرف نظریں مرکوز کئے ہوئے ہیں وہ کمل ناتھ ہیں اور چھندواڑہ علاقہ میں ان کی جانب سے کرائے گئے ترقیاتی کاموں سے سبھی واقف ہیں، سنجے سنگھ نے کہا کہ ایک دن ایسا آئے گا جب مدھیہ پردیش کو کمل ناتھ کے نام سے جانا جائے گا۔
سنجے سنگھ کے کانگریس میں شامل ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ میں کہا گیا، ’’مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے حقیقی سالے سنجے سنگھ بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں۔ کمل ناتھ کی قیادت اور چھند واڑا کی ترقی سے متاثر ہو کر انہوں نے فیصلہ کیا۔‘‘
ٹوئٹ میں مزید لکھا گیا، ’’اپنے بچوں کے ماما کو بھی یقین نہیں دلا پائے شیوراج ماما۔ بی جے پی کی ہار کا اصل ثبوت‘‘
اس موقع پر سنجے سنگھ نے روزگار کو لے کر ایم پی کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی میں سرمایہ کاری کے لئے کئی سمٹ ہوئیں لیکن اس کا کوئی فائدہ نظر نہیں آیا اور یہاں کے نوجوان بدستور بے روزگار ہیں۔ سنجے سنگھ نے بی جے پی کے امیدوروں کی فہرست پر بھی نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی میں کارکنان کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر کام کرنے والوں کو نظر انداز کیا گیا اور بڑے نام والوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
ادھر، کمل ناتھ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ جس خلوص کے ساتھ سنجے سنگھ نے بی جے پی کی خدمت کی ہے اسی شدت کے ساتھ وہ کانگریس کے ساتھ کام کریں گے۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ایم پی میں ترقی کی لکیر کھینچنے کے لئے سنجے سنگھ کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Nov 2018, 6:09 PM