برکس اجلاس: ’چین اور ہندوستان ایک دوسرے کی طاقت سے سیکھ سکتے ہیں‘، دو فریقی میٹنگ میں جنپنگ کا مودی کو مشورہ
’چین اور ہندوستان ایک دوسرے کی طاقت سے سیکھ سکتے ہیں‘، دو فریقی میٹنگ میں جنپنگ کا مودی کو مشورہ
چینی صدر شی جنپنگ نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا ہے کہ چین اور ہندوستان ایک دوسرے کی طاقت سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اور مشترکہ ترقی کی سمت میں مل کر کام کر سکتے ہیں۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق جنپنگ نے نئی دہلی میں برکس اعلیٰ سطحی اجلاس سے الگ پی ایم مودی کے ساتھ دو فریقی میٹنگ کے دوران یہ بات کہی۔
مشترکہ منشور جاری، سبھی عزائم پورے کرنے پر زور
برکس اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران سبھی ممالک نے مشترکہ منشور جاری کرنے پر اتفاق ظاہر کیا۔ اس مشترکہ منشور کو جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’دوستو! آج کی ہماری میٹنگ بہت مثبت اور تعمیری رہی ہے۔ ہمارے نظریات کے تنوع کے ساتھ ساتھ برکس تعاون کے تئیں ہمارے مشترکہ عزائم بھی واضح طور پر سامنے آئے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج کی گفگو سے واضح ہے کہ بدلتی ہوئی دنیا کا انتظام پرانے اداروں کے ذریعہ نہیں دیکھا جا سکتا۔ ریپریزنٹیشن، رسپانسیونیس اور رول میکنگ... تینوں میں اصلاح ضروری ہے۔‘‘ مشترکہ منشور کو جاری کیے جانے کے بعد اس میں شامل سبھی عزائم کو پورا کرنے پر زور دیا گیا۔
برکس ممالک کے سرکردہ لیڈران نے شجرکاری پروگرام میں لیا حصہ
وزیر اعظم نریندر مودی اور برکس ممالک کے سرکردہ لیڈران نے ’بھارت منڈپم‘ کے باہری احاطہ میں شجرکاری پروگرام میں حصہ لیا۔ پی ایم مودی نے اس موقع پر برکس رکن ممالک کے لیڈران کے ساتھ تصویر بھی کھنچوائی۔
چین مغربی ایشیا میں امن و استحکام قائم کرنے میں اپنا کردار نبھانے کو تیار: شی جنپنگ
چین کے صدر شی جنپنگ نے مغربی ایشیا کے حالات پر فکر کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ چین مغربی ایشیا اور خلیجی ممالک میں امن و استحکام قائم کرنے میں اپنا مناسب کردار نبھانے کے لیے دیگر برکس ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’شنہوا‘ کے مطابق شی نے کہا ہے کہ جنگ کے سبب پورے خطہ کے لوگوں کو بہت نقصان ہوا ہے اور یہ بین الاقوامی طبقہ کے مشترکہ مفادات کے موافق نہیں ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ چین اس خطہ میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے برکس کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کو راضی ہے۔
پی ایم مودی نے ’سی فیئررس ایمرجنسی سپورٹ نیٹورک‘ بنانے کی رکھی تجویز
پی ایم مودی نے 2026 کے برکس اجلاس میں ملاحوں کے لیے ایک ’سی فیئررس ایمرجنسی سپورٹ نیٹورک‘ (ایمرجنسی امدادی نیٹورک) بنانے کی تجویز رکھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملاح عالمی بازار میں اہم تعاون پیش کرتے ہیں، پھر بھی مشکل وقت میں انھیں اکثر مدد نہیں مل پاتی۔ میری تجویز ہے کہ ہم ایک ’ایمرجنسی امدادی نیٹورک‘ قائم کریں۔ یہ نیٹورک سمندری افسران اور متعلقہ ممالک کی سفارتی مہموں کو جوڑے گا، جس سے ایمرجنسی اطلاعات، طبی امداد، فیملی کو جانکاری دینے اور مشکل حالات سے نکالنے میں مدد آسان ہو سکے گی۔‘‘
برکس اجلاس کا باضابطہ آغاز، پی ایم مودی نے کہا ’ہندوستان میں آپ سبھی کا استقبال ہے‘
ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ’برکس اجلاس 2026‘ کا آغاز ہو چکا ہے۔ پی ایم مودی نے اس موقع پر سبھی ممالک کے سربراہان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان میں آپ سبھی کا استقبال ہے۔ ہماری سوچ سبھی کو ساتھ لے کر چلنے کی ہے۔‘‘
کچھ ہی دیر میں برکس اجلاس کا ہوگا باضابطہ آغاز
ہندوستان کی میزبانی میں ہو رہے برکس اعلیٰ سطحی اجلاس کے لیے چینی صدر شی جنپنگ دہلی پہنچ چکے ہیں، جن کی پی ایم مودی کے ساتھ دو فریقی بات چیت بھی ہونی ہے۔ اس سے قبل انڈونیشیا، فلپائن کے علاوہ افریقی ملک نائیجیریا سے کئی دیگر مہمان بھی ہندوستان پہنچ چکے ہیں۔ اب سبھی ممالک کے سربراہان دھیرے دھیرے ’بھارت منڈپم‘ پہنچ رہے ہیں جہاں کچھ ہی دیر میں برکس اعلیٰ سطحی اجلاس کا باضابطہ آغاز ہوگا۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی بھی ’بھارت منڈپم‘ پہنچ چکے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
