رشوت معاملہ: سی بی آئی نے آر پی ایف انسپکٹر سمیت 2 کو گرفتار کر عدالتی حراست میں بھیجا
گرفتاری کے بعد آر پی ایف انسپکٹر اور حولدار کے یہاں مارے گئے چھاپوں کے دوران لاکھوں روپے کی نقدی اور اہم دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔
مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) نے 63 ہزار روپے کی رشوت لینے کے الزام میں اتر پردیش کے بارابنکی ریلوے اسٹیشن پر تعینات ریلوے سیکورٹی فورس (آر پی ایف) کے ایک انسپکٹر اور حولدار کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاری کے بعد کی گئی چھاپہ ماری کے دوران گرفتار انسپکٹر کے پاس سے 5.46 لاکھ روپے نقدی برآمد ہوئے۔ دونوں ملزمین کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا جہاں سے انھیں عدالتی حراست میں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
اس تعلق سے ’اے بی پی لائیو‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے۔ اس کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں کے نام آر پی ایف انسپکٹر اکھلیش یادو اور حولدار آشوتوش ترپاٹھی ہیں۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ بارابنکی ریلوے اسٹیشن کے ریلوے گودام میں کام کرنے والے ایک ٹھیکیدار نے سی بی آئی کے انسداد بدعنوانی سیل کو شکایت کی۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ انسپکٹر اکھلیش یادو اور اس کی اسٹاف نے اس سے مال گودام کے اندر آئے سامان کو باہر نکالنے کے لیے فی ریک 3000 روپے رشوت کا مطالبہ کیا۔ ساتھ ہی یہ بھی دھمکی دی گئی کہ اگر وہ رشوت کی رقم نہیں دے گا تو اسے ریلوے گودام میں کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔ یہ ٹھیکیدار سیمنٹ کھاد وغیرہ کو گودام سے باہر لانے لے جانے کا کام کرتا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکیدار نے نومبر 2021 میں کل 23 ریک کا مال اَن لوڈ کیا تھا۔ لہذا اس سے اس پورے مال کو اَن لوڈ کرنے کے بدلے 63 ہزار روپے کی رشوت طلب کی گئی۔ اطلاع کی بنیاد پر سی بی آئی نے معاملے کی ابتدائی جانچ کی اور جانچ کے دوران ثبوت پائے جانے پر جال بچھا کر ملزم انسپکٹر اور حولدار کو گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ان کے یہاں مارے گئے چھاپوں کے دوران لاکھوں روپے کی نقدی اور اہم دستاویزات برآمد ہوئے ہیں۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔