ایرانی طیارہ میں بم کی خبر سے افرا تفری، آئی اے ایف کے 2 جنگی طیاروں نے فلائٹ کو ہندوستان سے باہر کھدیڑا
فضائیہ نے جانکاری دی ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے محفوظ دوری پر رہتے ہوئے فلائٹ کو ہندوستانی ایئر اسپیس سے باہر کھدیڑ دیا۔
ہندوستانی ہوائی علاقہ میں ایرانی مسافر طیارہ پر ’بم‘ کی خبر سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اس طیارہ کی پائلٹ ٹیم نے اس کی دہلی میں ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی تھی، لیکن اسے اجازت نہ ملنے کے بعد یہ طیارہ چین کی طرف آگے بڑھ گیا۔ جانکاری کے مطابق تقریباً 45 منٹ تک ہندوستانی ایئر اسپیس میں یہ طیارہ منڈلاتا رہا۔
اس دوران ہندوستانی فضائیہ بھی پورے الرٹ موڈ پر تھا۔ جیسے ہی اس طیارہ کے دہلی کی طرف جانے کی خبر ملی تو فضائیہ نے فوراً اپنے دو سکھوئی 30 ایم کے آئی جنگی طیاروں کو روانہ کر دیا۔ اس کے بعد ان دونوں جنگی طیاروں نے فلائٹ کو ہندوستان کی سرحد کے پاس کھدیڑ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہلی پولیس کو صبح 9.20 بجے تہران سے چین جا رہے طیارہ میں بم ہونے کی خبر ملی تھی۔ اس کے بعد الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : کل بھارت جوڑو یاترا کا تھا تاریخی دن: جے رام رمیش
موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی میں طیارہ کی لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی اور پائلٹ ٹیم سے طیارہ کو جئے پور ڈائیورٹ کرنے کو کہا گیا۔ اس کے بعد اسے چنڈی گڑھ میں لینڈ کرنے کو کہا گیا تھا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول یعنی اے ٹی سی کی طرف سے دی گئی ہدایت کو پائلٹ ٹیم نے نہیں مانی۔ اس کے بعد ہندوستانی فضائیہ فوراً حرکت میں آئی اور 2 سکھوئی جنگی طیاروں نے ہوا میں پرواز بھری۔ فضائیہ نے جانکاری دی ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے محفوظ دوری پر رہتے ہوئے فلائٹ کو ہندوستانی ایئر اسپیس سے باہر کھدیڑ دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔