برج بھوشن نے پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا، پیچھا کیا اور چھیڑ چھاڑ کی! دہلی پولیس کی چارج شیٹ
برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس کی چارج شیٹ کے مطابق، پیچھا کرنے، ہراساں کرنے اور چھیڑ چھاڑ کے لیے مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔
نئی دہلی: دہلی پولیس نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے سبکدوش ہو چکے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی ہے۔ انگریزی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ میں شائع خبر کے مطابق دہلی پولیس نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ برج بھوشن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے، پیچھا کرنے اور چھیڑ چھاڑ کے جرائم کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جا سکتی ہے اور سزا پانے کے حقدار ہیں!
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس نے چارج شیٹ میں دفعہ 506 (مجرمانہ دھمکی)، 354 (عورت کی شائستگی کو مجروح کرنا)، 354 اے (جنسی طور پر ہراساں کرنا) اور 354 ڈی (پیچھا کرنا) کے تحت الزامات عائد کئے ہیں اور کہا ہے کہ ایک معاملے میں تو برج بھوشن شرن سنگھ کی جانب سے بار بار ہراسانی کی گئی ہے۔
ؔرپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دہلی پولیس نے عدالت سے سنگھ اور گواہوں کو طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق پولیس نے 108 گواہوں سے بات کی، جن میں سے 15 نے پہلوانوں، کوچوں اور ریفریوں سمیت پہلوانوں کے الزامات کی تصدیق کی۔
رپورٹ کے مطابق برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف چارج شیٹ میں جن الزامات کا ذکر کیا گیا ہے ان میں سے ایک میں کہا گیا ’’میں ہوٹل کے ریستوراں میں رات کے کھانے کے لیے باہر گئی تھی۔ ملزم (سنگھ) نے مجھے اپنے کھانے کی میز پر بلایا۔ اپنا ہاتھ میری چھاتی پر رکھا، مجھے پکڑا اور پھر اپنا ہاتھ میرے پیٹ پر پھسلایا۔ بار بار 3-4 مرتبہ، ڈبلیو ایف آئی کے دفتر میں، اس نے میری اجازت کے بغیر مجھے میری ہتھیلی، گھٹنے، رانوں اور کندھوں پر نامناسب طریقے سے چھونا شروع کر دیا۔ اس نے میری چھاتی پر ہاتھ رکھا اور میری سانس کی جانچ کے بہانے اسے میرے پیٹ سے نیچے پھسلا دیا۔‘‘
دوسرے الزام میں کہا گیا ہے ’’میں چٹائی پر لیٹی ہوئی تھی تو میں اس وقت حیران رہ گئی جب ملزم نے میری اجازت کے بغیر میری ٹی شرٹ کھینچی، میری چھاتی پر ہاتھ رکھا اور میری سانس چیک کرنے کے بہانے اسے میرے پیٹ سے نیچے لے گیا۔ فیڈریشن آفس میں، مجھے ملزم کے کمرے میں بلایا گیا۔ میرے بھائی کو باہر رہنے کو کہا گیا، ملزم (سنگھ) نے دروازہ بند کر دیا، مجھے اپنی طرف کھینچ لیا اور زبردستی جنسی تعلق قائم کرنے کی کوشش کی۔‘‘
تیسرے الزام میں کہا گیا ہے کہ ’’اس نے مجھے اپنے والدین سے فون پر بات کرنے پر مجبور کیا۔ ملزم (سنگھ) نے مجھے اپنے بستر کی طرف بلایا، میری اجازت کے بغیر مجھے زبردستی گلے لگانے کی کوشش کی۔ اس نے مجھے سپلیمنٹس خریدنے کی پیشکش کر کے رشوت دینے کی کوشش کی تاکہ میں اس کے بدلے جنسی خواہشات پوری کر سکوں!‘‘
یہ بھی پڑھیں : یمنا خطرے کی سطح سے اوپر، دہلی میں ہائی الرٹ
برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف اسی طرح کے الزامات پہلوانوں نے لگائے ہیں۔ دہلی پولیس نے برج بھوشن شرن سنگھ اور ونود تومر کے خلاف 15 جون کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔ یہ معاملہ خواتین پہلوانوں کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ سنگھ نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ انہوں نے ان 6 خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ ان کے ایک معاون نے کہا کہ ان کی بے گناہی عدلیہ میں ثابت ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ جرم ثابت ہونے پر برج بھوشن کو 3 سے 5 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔