بارڈر-گواسکر ٹرافی: 10 سال سے ہار رہی کنگارو ٹیم، کپتان کمنس اس بار فتح کے لیے لگائیں گے پورا زور
10 سالہ مدت میں 4 بار بارڈر-گواسکر ٹرافی کا انعقاد ہوا اور چاروں بار ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو ہرایا۔ ہندوستان وہ واحد ٹیم ہے جسے آسٹریلیا اپنی پچھلی 16 ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے سے قاصر رہی۔
آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنس نے اپنی کپتانی میں بہت ساری کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے اپنی کپتانی میں ون ڈے ورلڈ کپ میں جیت حاصل کی، 2023 ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل اپنے نام کیا، اپنے دیرینہ حریف انگلینڈ سے ایشیز بھی جیت لیا۔ لیکن آسٹریلیائی ٹیم پچھلے 10 سالوں سے بارڈر-گواسکر ٹرافی جیتنے میں ناکام رہی ہے۔ اس بار کمنس اس خشک سالی کو بھی ختم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دراصل ہر 2 سال کے دوارانیہ میں بارڈر-گواسکر ٹرافی کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ آسٹریلیا 15-2014 سے یہ ٹرافی نہیں جیت پا رہی ہے۔ اس 10 سالہ مدت میں 2 بار اس ٹرافی کا انعقاد ہندوستان میں ہوا اور 2 بار آسٹریلیا میں۔ ہندوستانی ٹیم نے چاروں بار آسٹریلیا کو ہرایا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم وہ واحد ٹیم ہے جسے آسٹریلیا اپنی پچھلی 16 ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے سے قاصر رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا کے موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنس اب تک ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہیں رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آئندہ 22 نومبر سے شروع ہو رہے بارڈر-گواسکر سیریز کو جیتنے کے لئے وہ بے تاب ہیں۔ کمنس نے منگل کو اپنی ایک کتاب کے اجراء کے موقع پر کہا کہ ’’ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنا بہت بڑی بات ہے، اور اسے میں اپنے نام سے جوڑنا چاہتا ہوں۔ اپنی سرزمین پر سیریز جیتنا اور بھی خاص ہوتا ہے۔ جب بھی ہم گھریلو سیریز کھیلتے ہیں تو میری طرح زیادہ تر آسٹریلیا کے کرکٹ شائقین ہم سے اچھی کارکردگی کی امید کرتے ہیں۔‘‘
ہندوستانی کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف رواں گھریلو ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی 2 میچوں میں شکست کھا کر سیریز گنوا چکی ہے۔ ٹیم کے اسٹار بلے باز روہت شرما اور وراٹ کوہلی کافی بُرے فارم سے گزر رہے ہیں۔ اس پر کمنس نے کہا کہ ’’جو بھی ٹیم دباؤ میں ہوتی ہے اس کے خلاف کھیلنا کوئی بُری بات نہیں ۔ وہ پہلے بھی یہاں اچھی کارکردگی پیش کر چکے ہیں۔ ہمارا کام انہیں دباؤ میں رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔ ہم پچھلی 2 سیریز میں ہار کا بدلہ لینے کے لئے پُرعزم ہیں۔ ہم جس بھی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں، تو اچھی کارکردگی کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہندوستان کی بات ہی کچھ اور ہے، یہ سیریز بہت اہم ہوگا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا آسٹریلیا دورہ 22 نومبر سے شروع ہوگا۔ اس دورے پر ہندوستانی ٹیم کو کُل 5 ٹیسٹ میچوں کی ایک لمبی سیریز کھیلنی ہے۔ کوچ کے طور پر گوتم گمبھیر کا یہ پہلا غیر ملکی ٹیسٹ سیریز دورہ ہے۔ اس بار ٹیم اسکواڈ میں کئی ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جنہوں نے اب تک ٹیسٹ میں ڈیبیو بھی نہیں کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔