طیارے میں بم کی دھمکی سے پھر کھلبلی، 187 مسافروں پر مشتمل انڈیگو فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ

طیارے میں بم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد اسے رائے پور کے سوامی وویکانند ہوائی اڈے پر ایمرجنسی حالت میں اتارا گیا ہے۔ ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیکوریٹی پروٹوکال بڑھائے گئے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو ائیر لائنس (فائل)/ تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

انڈیگو ائیر لائنس (فائل)/ تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ناگپور سے کولکاتا جا رہے طیارے میں بم ہونے کی خبر ملنے کے بعد چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ایک پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ اس وقت طیارے میں 187 مسافر سوار تھے۔ پولیس افسروں نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ رائے پور ضلع کے سینئر ایس پی سنتوش سنگھ نے بتایا کہ ناگپور سے کولکاتا جا رہے انڈیگو کے طیارے میں بم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد اسے رائے پور کے سوامی وویکانند ہوائی اڈے پر ایمرجنسی حالت میں اتارا گیا ہے۔ طیارے میں بم کی اطلاع ملنے کے بعد افسروں میں ہنگامہ مچ گیا اور فوری طور پر بم ڈسپوزل دستہ اور جانچ ٹیم بلائی گئی۔ اس دوران رائے پور ایئر پورٹ پر کچھ وقت کے لیے پروازیں متاثر بھی ہوئیں۔

پولیس افسروں نے بتایا کہ طیارے میں سوار سبھی 187 مسافروں کو محفوظ طریقے سے نیچے اتارا گیا۔ اس کے بعد سبھی مسافروں کو انٹری گیٹ کے پاس اندر لاج میں لایا گیا اور پھر طیارے کی تلاشی شروع کی گئی۔ ایس پی سنتوش سنگھ نے بتایا کہ پولیس اور سی آئی ایس ایف کے جوان کے ذریعہ پورے طیارے کی تلاشی لینے کے بعد اس سلسلے میں زیادہ معلومات فراہم کرائی جا سکے گی۔ ویسے بم کی دھمکی کس نے اور کہاں سے دی ہے، اس کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ مسافروں کے تحفظ کو یقینی کرنے اور کسی بھی مملکنہ خطرے کو روکنے کے لیے سیکوریٹی پروٹوکال بڑھا دیے گئے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے 24 اکتوبر کو کولکاتہ سے بلاس پور آنے والے ایلائنس ایئر کے طیارے میں بھی بم ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد بلاس پور ہوائی اڈے پر اس کی تلاشی لی گئی تھی۔ حالانکہ بعد میں یہ اطلاع افواہ ثابت ہوئی تھی۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ کئی مہینوں میں سینکڑوں پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل چکی ہیں جس کے بعد ان کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی ہے۔ بعد میں یہ خبریں افواہ ثابت ہوئی ہیں۔ طیاروں کو ملنے والی دھمکیوں سے افسران اور لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔