پٹنہ سول کورٹ میں بم دھماکہ سے دہشت، بم سَب انسپکٹر لے کر عدالت پہنچے تھے

عدالت میں سماعت سے پہلے سَب انسپکٹر دھماکہ خیز مواد کو ایک ٹیبل پر رکھ کر جب کچھ کاغذی کارروائی کر رہے تھے تبھی اچانک ٹیبل پر رکھا بم پھٹ گیا۔

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ سول کورٹ میں جمعہ کے روز بم دھماکہ سے ہر طرف افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ اس بم دھماکہ کی وجہ سے عدالتی احاطہ میں دہشت کا ماحول قائم ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اگم کنواں تھانہ سے سَب انسپکٹر دھماکہ خیز مادہ لے کر عدالت پہنچے تھے اور کورٹ احاطہ میں اس کو ایک ٹیبل پر رکھ کر کاغذی خانہ پری کر رہے تھے تبھی اچانک دھماکہ ہو گیا۔ اس دھماکہ سے عدالت میں چیخ و پکار کا ایک عالم دیکھنے کو ملا۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ میں سَب انسپکٹر کو بھی معمولی چوٹ آئی ہے۔ اس دھماکے کی خبر ملنے کے فوراً بعد پولیس کے اعلیٰ افسرا سول کورٹ پہنچے اور معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ پیربہور تھانے کی پولیس اب بھی موقع پر موجود ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کدم کنواں تھانے کے سَب انسپکٹر پٹنہ سول کورٹ میں ثبوت کے طور پر ایک بم لائے تھے۔ یہ بم گزشتہ دنوں شہر کے پٹیل ہاسٹل سے برآمد کیا گیا تھا، جسے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جانا تھا۔ عدالت میں سماعت سے پہلے سَب انسپکٹر دھماکہ خیز مواد کو ایک ٹیبل پر رکھ کر جب کچھ کاغذی کارروائی کر رہے تھے تبھی اچانک ٹیبل پر رکھا بم پھٹ گیا۔ اس واقعہ میں زخمی پولیس افسر کو علاج کے لیے پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا ہے۔ سَب انسپکٹر کا نام سدھیر کمار بتایا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔