سشما سوراج کے انتقال سے بالی ووڈ بھی صدمے میں، جانیے کس نے کیا کہا...

امیتابھ بچن، سنجے دَت، اکشے کمار اور بومن ایرانی جیسی شخصیتوں نے سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے انتقال پر بذریعہ ٹوئٹر اپنا اظہار رنج و غم کیا۔ سبھی ان کی بے وقت موت سے حیرت میں ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سابق مرکزی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بے وقت انتقال سے پورا ہندوستان غمزدہ ہے۔ بالی ووڈ انڈسٹری بھی اس خبر سے حیران ہے کہ 67 سالہ سشما سوراج کا انتقال ہو گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اظہارِ غم اور تعزیت کا ایک سیلاب دیکھنے کو مل رہا ہے جس میں سیاسی و سماجی لیڈروں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی تعداد بھی بے شمار ہے۔ امیتابھ بچن، سنجے دت، بومن ایرانی، انوراگ کشیپ، رتیش دیشمکھ جیسی فلمی ہستیوں نے سشما سوراج کے اس دار فانی سے کوچ کر جانے کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ ان جیسے لیڈر کو کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کس فلمی ہستی نے سشما سوراج کے انتقال پر کس طرح اپنی عقیدت اور خراج تحسین پیش کیا۔

امیتابھ بچن:

اپنی بے مثال اداکاری کے لیے مشہور امیتابھ بچن نے سشما سوراج کے انتقال کی خبر پر مبنی ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ایک انتہائی غمناک خبر! ایک بہت ہی مضبوط سیاستداں، ایک ملنسار شخصیت، ایک حیرت انگیز مقرر۔ روح کے سکون کے لیے دعاء۔‘‘ ایک دیگر ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ’’سشما جی جیسوں کی خالی جگہ کوئی نہیں بھر سکتا۔‘‘


سنجے دَت:

بالی ووڈ کی عظیم ہستی اور ہردلعزیز سیاستداں سنیل دَت کے بیٹے سنجے دَت نے سشما سوراج سے اپنی قربت کا تذکرہ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’’سشما جی کی روح کو سکون ملے۔ ان کے انتقال کی خبر واقعی حیران کرنے والی اور افسوسناک ہے۔ وہ ہمیشہ میرے قریب رہیں اور شروع سے ہی وہ کافی مخلص تھیں۔ میری ہمدردی ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔ یہ واقعی پورے ملک کے لیے خسارۂ عظیم ہے۔‘‘

بومن ایرانی:

اپنی مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور بومن ایرانی نے بھی سشما سوراج کے انتقال پر اپنا اظہارِ غم کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’ان کی عمر ابھی بہت زیادہ نہیں تھی۔ بے وقت ان کی موت کی خبر سن کر افسوس ہوا۔ یہ پورے ملک کے لیے نقصان ہے۔‘‘


اکشے کمار:

گزشتہ کچھ سالوں میں حب الوطنی پر مبنی کئی فلموں میں کام کر چکے اکشے کمار نے بھی سشما سوراج کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’سشما سوراج کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت افسوس ہوا۔ وہ واقعی مقناطیسی شخصیت کی مالک لیڈر تھیں۔ سبھی ان کی عزت کرتے تھے۔ میری نیک خواہشات اور دعائیں ان کے کنبہ کے ساتھ ہیں۔ ان کی روح کو سکون حاصل ہو۔‘‘

رتیش دیشمکھ:

بالی ووڈ کے نوعمر اداکاروں میں شمار رتیش دیشمکھ نے سشما سوراج کی موت پر کئی سارے ٹوئٹ کیے اور اپنی تکلیف کا اظہار کیا۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ہندوستان کے لیے ایک بہت بڑا نقصان۔ لاجواب مقرر، محب وطن، ایک عظیم لیڈر سشما سوراج نہیں رہیں۔ بطور مرکزی وزیر خارجہ وہ ہمیشہ ان ہندوستانیوں کی رسائی میں رہیں جنھیں کسی طرح کی مدد کی ضرورت رہی۔ میری طرف سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت۔‘‘


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔