فرخ آباد : بی جے پی رکن اسمبلی کی رہائش کے نزدیک دھماکہ، لوگوں میں دہشت

یہ دھماکہ فرخ آباد شہر کے محلہ سینا پتی میں صدر سے رکن اسمبلی سنیل دت دویدی کے گھر سے تقریباً سو میٹر کے فاصلے پر صبح 7.50 بجے ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے مکانات کے شیشے چکناچور ہو گئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

فرخ آباد: اترپردیش کے فرخ آباد شہر میں اس وقت دہشت پھیل گئی جب بی جے پی رکن اسمبلی کی رہائش گاہ کے نزدیک دھماکہ ہو گیا۔ اس دھماکہ میں ایک بچی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

یہ دھماکہ فرخ آباد شہر کے محلہ سینا پتی میں صدر سے رکن اسمبلی میجر سنیل دت دویدی کی رہائش گاہ سے تقریباً سو میٹر کے فاصلے پر صبح 7.50 بجے ہوا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کے متعدد مکانات کے شیشے چکناچور ہو گئے۔ گھروں کے باہر اور مندر میں نصب ایل ای ڈی بلب ٹوٹ کر گر گئے اور کچھ مکانات کی ٹائلیں بھی اکھڑ گئیں۔ اس دھماکہ کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔


دھماکے کی تیز آواز سے آس پاس کے لوگ میں خوف طاری ہو گیا اور متعدد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ دریں اثنا ایک گھر کی کھڑکی کا شیشہ ٹوٹنے کی وجہ سے ایک بچی زخمی ہوگئی۔ اس کے بعد پولس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔

چھان بین کے دوران پولس کو بجلی کے تار پر ایک سرخ رنگ کا بیگ لٹکا ہوا ملا، جس کو نیچے اتارا گیا۔ اس کی حالت سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ بیگ میں کوئی دھماکہ خیز چیز یا بم رکھا ہوا تھا اور دھماکہ اسی کی وجہ سے پیش آیا، اس کے بعد بیگ دھماکہ کے ساتھ اچھل کر تار سے لٹک گیا۔


اس علاقے کی رہائشی متھلیش کماری نے بیگ دیکھنے کے بعد بتایا کہ وہ صبح تقریباً 5.30 بجے سیر کے لئے روانہ ہوئیں تھی، اس وقت اس نے اس بیگ کو نالی کے پاس رکھا پایا تھا۔ جس جگہ دھماکہ ہوا ہے وہاں سڑک میں دراڑ آ گئی ہے۔ تفتیش کے دوران پولس نے اس خدشہ کو بھی ظاہر کیا ہے کہ یہ ٹائم بم بھی ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Oct 2019, 3:50 PM