ناسک آرٹلری سنٹر میں دھماکہ، دو اگنی ویر جاں بحق، مشق کے دوران پیش آیا حادثہ

ناسک کے آرٹلری سنٹر میں تربیتی سیشن کے دوران دھماکہ ہوا جس میں دو اگنی ویر جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ توپ خانے کے گولے لوڈ کرتے وقت پیش آیا۔ حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے

دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
دھماکہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ناسک کے آرٹلری سنٹر میں پیش آنے والے ایک انتہائی المناک واقعہ میں تربیتی مشق کے دوران دو اگنی ویروں کی موت واقع ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جوان توپ کے گولے لوڈ کر رہے تھے اور اچانک ایک زوردار دھماکہ ہوا جس میں ان کی جان چلی گئی۔ حادثہ فائرنگ رینج میں پیش آیا، جہاں یہ جوان توپ خانے کی فائرنگ کی مشق کر رہے تھے۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گولے کے ٹکڑے دونوں اگنی ویرز کے جسم میں گھس گئے، جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر زخموں کی شدت کی وجہ سے دونوں کی جان بچائی نہ جا سکی۔ جاں بحق ہونے والے اگنی ویروں کی شناخت گوہل سنگھ (عمر 20 سال) اور سیفت شیت (عمر 21 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک اور اگنی ویر بھی شدید زخمی ہے، جس کا علاج جاری ہے۔


یہ واقعہ فوج کی تربیتی پالیسی ’اگنی پتھ‘ کے تحت تربیت حاصل کرنے والے اگنی ویروں کے ساتھ پیش آیا۔ اس منصوبے کے تحت نوجوان مرد و خواتین کو مختصر مدت کے لیے مسلح افواج میں خدمات انجام دینے کا موقع دیا جاتا ہے۔ مذکورہ دونوں اگنی ویر حال ہی میں اس منصوبے کے تحت ناسک آرٹلری سنٹر میں شامل ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد مقامی پولیس اور آرمی حکام نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا تاکہ دھماکے کی وجوہات کا پتہ چل سکے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ توپ خانے کے گولے لوڈ کرتے وقت ہوا۔ دھماکہ کسی غلطی کی وجہ سے ہوا یا توپ خانے کے گولے میں کوئی خرابی تھی، اس سلسلے میں کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔


اس واقعے کے بعد پورے آرٹلری سنٹر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سیاسی حلقوں میں بھی اس حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی رہنما سپریا سولے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اس واقعے پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناسک کے آرٹلری سنٹر میں دو اگنی ویرز کی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وزارت دفاع کو چاہیے کہ ان دونوں جوانوں کو شہید کا درجہ دے اور ان کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔