آگرہ میں پھر نظر آیا بلیک فنگس کا قہر، 9 مریض دوبارہ متاثر، علامت ندارد
بلیک فنگس علاج کے لیے مقرر ضلع انچارج اکھل پرتاپ سنگھ نے کہا کہ ایک ایم آر آئی ٹیسٹ کے بعد 9 مریضوں میں بلیک فنگس کے دوبارہ انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔
آگرہ میں بلیک فنگس کے مریض، جو شروع میں ٹھیک ہو گئے تھے، اب پھر سے ان میں انفیکشن ہونے کا پتہ لگا ہے۔ آگرہ کے سروجنی نائیڈو میڈیکل کالج (ایس این ایم سی) میں میوکورمیکوسس یا سیاہ فنگس کے کم از کم 9 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ 40 سال سے زیادہ عمر کے ان سبھی مریضوں کو پہلے کووڈ-19 سے متعلق ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا تھا۔
بلیک فنگس علاج کے لیے مقرر ضلع انچارج اکھل پرتاپ سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’گزشتہ دو مہینوں میں آگرہ ضلع میں بلیک فنگس کے 83 مریض سامنے آئے ہیں۔ ان میں سے 41 انفیکشن سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔ ان سبھی مریضوں کو ہر 15 دنوں کے بعد چیک اَپ کے لیے بلایا جاتا ہے۔‘‘
اکھل پرتاپ کا کہنا ہے کہ ’’ایک ایم آر آئی ٹیسٹ کے بعد ان میں سے 9 مریضوں میں بلیک فنگس کے دوبارہ انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ ان مریضوں میں دوبارہ انفیکشن کی کوئی علامت نہیں نظر آئی۔ ان سبھی مریضوں کو اب اینٹی فنگس دوائیں دی جا رہی ہیں۔‘‘
اس درمیان شہر میں دو مزید مریضوں کے پھیپھڑوں میں سیاہ فنگس کے انفیکشن کا پتہ چلا ہے۔ ان مریضوں کو ایس این میڈیکل کالج کے میڈیسن وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔