بی جے پی کے تیرتھ سنگھ راوت کا سوال- ’جب ریزارٹ کو سیل کر دیا گیا تھا تو بلڈوزر کیوں چلایا گیا؟‘
مجرموں کے ساتھ ساتھ مجرموں کو بچانے کے ہتھکنڈے اختیار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے، چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں۔
دہرادون: بی جے پی کے گڑھوال سے رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر اعلی تیرتھ سنگھ راوت نے پوڑی پہنچ کر مقتول انکیتا بھنڈاری کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے انکیتا کے والدین سے بات کی اور دکھ کی اس گھڑی میں انہیں تسلی دی۔ تیرتھ سنگھ راوت نے کہا کہ انکیتا کو انصاف ملنا چاہیے۔ مجرموں کے ساتھ ساتھ مجرموں کو بچانے کے ہتھکنڈے اختیار کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے، چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والا شخص ہو یا وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔
نیوز پورٹل ’اے بی پی‘ پر شائع خبر کے مطابق گڑھوال کے رکن پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت نے ریزارٹ میں راتوں رات بلڈوزر چلانے کی کارروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ریزارٹ کو سیل کیا گیا تو اس پر بلڈوزر کیسے چلا دیا گیا؟
اس کے ساتھ انہوں نے کلیدی ملزم اور ریزارٹ کے مالک پُلکیت آریہ کے والد ونود آریہ کو بھی پولیس ریمانڈ میں لینے کی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت سے پوشیدہ رازوں سے پردہ اٹھا سکتے ہیں، کہ یہ غیر قانونی سیرگاہ کس کے کہنے پر چل رہی تھی اور وہ کون وی آئی پی تھا جس کے لیے لڑکی کو جسم فروشی کی طرف دھکیلنے کی کوششیں کی جا رہی تھیں؟
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تیرتھ سنگھ راوت نے کہا کہ ونود آریہ کے اپنے بیٹے کی بے گناہی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ باپ بگڑے ہوئے بچے کو بہتر اقدار دینا بھول گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ منصفانہ طریقے سے کی جائے گی۔ ادھر، انکیتا کے والد نے بھی ونود آریہ کو ریمانڈ میں لے کر پوچھ گچھ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ونود آریہ کا فون ضبط کر کے ثبوت تلاش کرنے اور ملزم کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی سماعت فاسٹ ٹریک کورٹ میں ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ پوڑی ضلع کے یمکیشور کے گنگا بھوگپور میں واقع وناتارا ریزارٹ میں کام کرنے والی انکیتا بھنڈاری کی لاش گزشتہ دنوں چلہ پاور ہاؤس کینال سے برآمد ہوئی تھی۔ اس سے پہلے انکیتا 18 ستمبر سے لاپتہ تھی۔ اس معاملے میں ریزارٹ کے مالک پلکت آریہ کے علاوہ منیجر سوربھ بھاسکر اور اسسٹنٹ منیجر انکت گپتا ملزم ہیں۔ تینوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور ایس آئی ٹی اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ بدھ کے روز وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے انکیتا بھنڈاری کے اہل خانہ کو 25 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔