بی جے پی کے ’راشٹرواد‘ کی کھلی قلعی، یوگی کے وزیر نے بتایا ’انتخابی داؤ‘
یوگی حکومت میں وزیر اوم پرکاش راجبھر نے بی جے پی کے ’راشٹرواد‘ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ’’پارٹی ’راشٹرواد‘ کی نمائش صرف انتخاب جیتنے کے لیے کرتی ہے، یہ ان کے لیے صرف ایک انتخابی داؤ ہے۔‘‘
اتر پردیش میں بی جے پی کے معاون اور یوگی حکومت میں وزیر اوم پرکاش راجبھر نے ایک بار پھر بی جے پی کے خلاف ہی آواز اٹھائی ہے۔ اوم پرکاش راجبھر نے بی جے پی کے ’راشٹرواد‘ کو ہی ہدف تنقید بنایا ہے جس کا پارٹی خوب شور مچا رہی ہے۔ راجبھر نے کہا کہ بی جے پی ’راشٹرواد‘ کا صرف دکھاوا کر رہی ہے اور یہ انتخاب جیتنے کے لیے محض ایک داؤ ہے۔ یو پی حکومت میں وزیر راجبھر نے یہ بیان بلرام پور میں ایک ذاتی تقریب کے دوران دیا۔ راجبھر نے کہا ہ جس غریب کے پاس کھانے کے لیے روٹی نہیں ہے اسے راشٹرواد کہاں سے سمجھ میں آئے گا؟
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے صدر اوم پرکاش راجبھر نے کہا کہ انتخاب میں سبھی پارٹیاں اپنا داؤ آزماتی ہیں اور بی جے پی کا انتخابی داؤ ’راشٹرواد‘ ہے۔ راجبھر نے ایس پی-بی ایس پی اتحاد کو بھی ایک انتخابی داؤ ہی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرح سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد بھی ایک انتخابی داؤ ہے۔ راجبھر نے کہا کہ سیاسی پارٹیاں عوام کے درمیان اپنا دبدبہ بنا کر اور انھیں گمراہ کر کے ووٹ لینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ سبھی پارٹیاں اپنا اپنا داؤ کھیل رہی ہیں اور کس کا داؤ کامیاب رہتا ہے اس کا پتہ 23 مئی کو انتخابی نتیجہ آنے کے بعد چل جائے گا۔
واضح رہے کہ اوم پرکاش راجبھر این ڈی اے سے ناراض چل رہے تھے۔ انھوں نے اپنا مطالبہ پورا نہیں ہونے پر اتحاد سے رشتہ توڑنے کی بھی دھمکی دی تھی لیکن بی جے پی صدر امت شاہ سے ملاقات کے بعد وہ مان گئے تھے۔ لیکن تازہ بیان سے لگتا ہے کہ ان کی ناراضگی ابھی دور نہیں ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Mar 2019, 1:09 PM