ہردوئی: بی جے پی ایم پی نے ’چوکیدار‘ کو سونپا استعفیٰ، ایس پی میں ہوئے شامل
ہردوئی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انشل ورما نے پارٹی کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ ٹکٹ کٹنے سے ناراض انشل ورما نے پارٹی دفترکے چوکیدار کو اپنا استعفی سونپا اور سماجوادی پارٹی میں شامل ہوگئے۔
بی جے پی میں بغاوتوں کا سلسلہ لگاتار جاری ہے۔ تازہ معاملہ یو پی کے ہردوئی کا ہے جہاں سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ انشل ورما نے ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے استعفی دے دیا۔ بعد ازان انہوں نے سماجوادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض رکن پارلیمنٹ نے اپنے استعفی نامہ میں سوال کیا ہے کہ بغیر کسی مناسب وجہ بتائے آخر ان کا ٹکٹ کس بنیاد پر کاٹا گیا ہے۔
انشل ورما لکھنؤ میں واقعہ بی جے پی کے ریاستی دفتر میں وہاں پر تعینات چوکیدار کو اپنا استعفی سونپ دیا۔ استعفی کے ساتھ ہی ایک سو روپے کا نوٹ بھی انہوں نے چوکیدار کو دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’دولت سے مالامال چوکیدار‘ کو استعفی دینے کے کوئی معنی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے اصل اور ذمہ دار چوکیدار کو اپنا ستعفی سونپا ہے۔ ‘ واضح رہے کہ بی جے پی نے ہردوئی سے انشل ورما کے مقام پر سابق رکن پارلیمنٹ جے پرکاش راوت کو امیدوار بنایا ہے، اس سے انشل ورما ناراض ہو گئے۔
اپنے استعفی میں انشل ورما نے دعوی کیا ہے کہ گذشتہ پانچ سال میں انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقے میں 24 ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات سے ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ’’ اگر کام نہ کرنے کی وجہ سے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو پارٹی کو واضح کرنا چاہیے کہ میرے معاملے میں ایسا کیوں کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ہردوئی میں پارٹی کے ایک لیڈر نے کھانے کے پیکٹ کے ساتھ شراب تقسیم کر کے پاسی سماج کی بے عزتی کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے نریش اگروال کے بیٹے نتن نے 7 جنوی 2019 کو ہردوئی کے ایک مندر میں ہوئے پروگرام میں آئے لوگوں کو کھانے کے ساتھ شراب کی بوتلیں تقسیم کی تھیں۔
ورما نے لکھا ہے کہ پاسی سماج کے ہونے کی وجہ سے انہوں نے اس بارے میں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو اطلاع دی تھی لیکن اس لیڈر پر کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ 21 سال بعد انہوں نے ہردوئی پارلیمانی حلقے پر بی جے پی کو جیت دلائی تھی۔
رکن پارلیمنٹ انشل ورما نے استعفی دینے کے بعد وزیر اعظم مودی کے ’چوکیدار‘ بننے پر بھی حملہ بولا انہوں نے کہا، ’’وکاس کیا ہے، وکاس کریں گے، انشل تھے، انشل رہیں گے، چوکیدار نہ کہیں گے۔‘‘
لوک سبھا انتخابات کے لئے بی جے پی کی پہلی فہرست جاری ہونے پر ناراض ہونے والے انشل ورما نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا، ’’ٹک کٹنے کی وجہ میرا دلت ہونا ہے۔ بی جے پی نے جن رکن پارلیمنٹ کے ٹکٹ کاٹے ہیں ان میں 6 دلت ہیں۔ ‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہی سب سے زیادہ ناکارہ تھے!
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Mar 2019, 4:09 PM