بی جے پی کا تقسیم کرنے کا خواب کبھی حقیقت نہیں بنے گا: اسٹالن
ایم کے اسٹالن نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا تقسیم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا اور اپوزیشن کی قیادت والے انڈیا اتحاد کی جیت ہوگی
چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا تقسیم کرنے کا خواب پورا نہیں ہوگا اور اپوزیشن کی قیادت والے انڈیا اتحاد کی جیت ہوگی۔
اسٹالن نے آج صبح یہاں ایک بیان میں مودی کی حالیہ تقریروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا تقسیم کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ان کے کہے گئے جھوٹ ٹوٹ جائیں گے اور نفرتیں ختم ہو جائیں گی، انڈیا اتحاد کی جیت ہوگی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ’’انڈیا اتحاد کے لوک سبھا انتخابات میں جیت کی طرف بڑھنے کے خوف سے مودی اپنے عہدے کے وقار کو بھول گئے ہیں اور روزانہ جھوٹ بولنے اور نفرت کے بیج بونے کی مہم میں مصروف ہیں۔‘‘
اسٹالن نے کہا ’’لوگ صدمے اور افسوس کے ساتھ وزیر اعظم کی غیر ذمہ دارانہ تقریر اور الیکشن کمیشن کی خاموشی کو دیکھ رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن اس پر کارروائی کرنے کا پابند ہے۔‘‘
وزیر اعظم پر پسماندہ طبقات، ایم بی سی اور قبائلی برادریوں کی زندگیوں میں روشنی لانے کے لیے ریزرویشن پر 50 فیصد کی حد کو ہٹانے کے لیے ایک لفظ بھی نہ کہنے کا الزام لگاتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کی سیاسی جماعتیں جو سماجی انصاف کے لیے پابند عہد ہیں، اس مطالبہ پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔
مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چونکہ فرقہ وارانہ نفرت انگیز تقاریر کے مطلوبہ نتائج نہیں ملے ہیں، اس لیے وزیر اعظم نے ریاستوں کے درمیان تنازعہ پیدا کرنے کی چال کا سہارا لیا ہے۔
انہوں نے کہا ’’مودی نے جھوٹ کا ایک پلندہ پھیلایا ہے کہ جنوبی تمل ناڈو کے لیڈروں نے اتر پردیش کے لوگوں کے تئیں توہین آمیز تبصرے کیے ہیں۔ یہ فرضی اور جھوٹ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں ہے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مودی اپنی نفرت انگیز مہم سے مایوس ہیں اور ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔