بی جے پی کی عآپ کے 40 ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش، کئی پارٹی اجلاس سے غیر حاضر، کئی رابطے سے باہر
عام آدمی پارٹی کے ترجمان دلیپ پانڈے نے کہا ہے کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کے تقریباً 40 ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے اور ہر ایم ایل اے کو 20 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے
نئی دہلی: بی جے پی مبینہ طور پر عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو 20 کروڑ کی پیشکش کے معاملے پر وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو اپنی رہائش پر قانون ساز پارٹی کا اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں 50 سے زیادہ ارکان اسمبلی نے شرکت کی، تاہم کچھ ارکان اسمبلی ایسے بھی ہیں جو غیر حاضر رہے، جبکہ کچھ سے تو رابطہ بھی قائم نہیں ہو پایا۔ دریں اثنا، پارٹی کا کہنا ہے کہ وہ بھی جلد تشریف لائیں گے!
خیال رہے کہ گزشتہ روز عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر الزام لگایا تھا کہ وہ اس کے ارکان اسمبلی کو خرید کر حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس معاملے پر وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو صبح 11 بجے اپنی رہائش گاہ پر پہنچنے کو کہا تھا۔
وہیں، اس معاملہ پر عام آدمی پارٹی کے لیڈر سوربھ بھردواج نے کہا کہ کچھ ارکان اسمبلی سے رابطہ قائم نہیں ہو پا رہا، لیکن وہ بھی جلد تشریف لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مستحکم ہے اور اس کو کوئی گرا نہیں سکتا۔ دہلی اسمبلی میں عام آدمی پارٹی کے کل 62 ارکان ہیں، جن میں سے 50 سے زیادہ ارکان اجلاس میں تشریف لا چکے تھے۔
وہیں، عام آدمی پارٹی کے ترجمان دلیپ پانڈے نے کہا ہے کہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کے تقریباً 40 ارکان اسمبلی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہر ایم ایل اے کو 20 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ارکان اسمبلی سے رابطہ کر رہے ہیں، وہ کہیں نہیں جا رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ سی بی آئی کی جانچ میں پھنسے دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے الزام لگایا تھا کہ انہیں بی جے پی نے پارٹی میں شامل ہونے کی پیشکش کی ہے۔ اس کے علاوہ عآپ کے ایم پی سنجے سنگھ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا تھا کہ ان کے 4 ارکان اسمبلی کو بی جے پی نے 20-20 کروڑ روپے دینے کی پیشکش کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔