الیکشن کے وقت پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی، اب پہلے سے زیادہ فراہمی!

عام انتخاب کے دوران پی ایم مودی سمیت کئی بی جے پی لیڈروں نے اعلان کیا تھا کہ ہندوستان سے بہنے والی ندیوں کا پانی پاکستان کو نہیں دیں گے۔ لیکن اب پاکستان کو پہلے سے بھی زیادہ پانی کی فراہمی ہو رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

دھیریندر اوستھی

اس وقت جب پنجاب میں دھان کی بوائی کے لیے پانی کی سخت ضرورت ہے، پھر بھی پنجاب سے بہنے والی تین ندیاں- راوی، بیاس اور ستلج کا پانی کثیر مقدار میں پاکستان کی طرف جا رہا ہے۔ لوگوں کی بات پر یقین کریں تو اس سیزن میں کبھی اتنا پانی پاکستان کی طرف نہیں گیا۔

بی جے پی تو لگتا ہے کہ بھول گئی، لیکن لوگ نہیں بھولے ہوں گے کہ انتخاب کے دوران بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان ندیوں کا پانی پاکستان نہیں جانے دیا جائے گا۔ شاید وہ سب چناوی باتیں تھیں۔ ابھی تو ملک میں مانسون بھی نہیں آیا ہے، پھر بھی ان تین ندیوں کا پانی بڑی مقدار میں پاکستان کی جانب جا رہا ہے۔


امرتسر سے تقریباً 90 کلو میٹر دور سرحد سے ملحقہ ترن تارن ضلع واقع ہریکیپتن بیراج سے 12380 کیوسک پانی پاکستان کی طرف چھوڑا جا رہا ہے۔ ستلج اور بیاس ندیوں کے سنگم ہریکے میں ہی پشتہ بنا کر ان دونوں ندیوں کا پانی پاکستان کی طرف جانے سے روکا گیا ہے۔ اس کے علاوہ راوی ندی سے بھی پانچ سو کیوسک سے زیادہ پانی پاکستان جا رہا ہے۔ ہریکے بیراج کے نوڈل افسر سکھونت اُپل کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس اسٹوریج صلاحیت نہیں ہے۔ نہروں سے جو پانی بچتا ہے، اسے ہمیں پاکستان کی طرف چھوڑنا ہی پڑتا ہے۔ اُپل کے مطابق بیراج کی اونچائی سمندری سطح سے 690 فیٹ ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے کے سبب پہاڑوں پر برف پگھلنے کی وجہ سے ویاس اور ستلج میں پانی کی مقدار اچانک بڑھ گئی ہے۔ اُپل کہتے ہیں کہ اگر ہم پانی نہیں چھوڑیں گے تو بارش سے پہلے ہی پشتے فل ہو جائیں گے۔ بارش میں جب پانی کی مقدار کئی گنا بڑھ جاتی ہے، تب اگر ایک ساتھ پانی چھوڑنا پڑا تو نقصان بہت زیادہ ہوگا۔

اُپل کے مطابق راوی، ویاس اور ستلج کو ملا کر تقریباً 32 ہزار کیوسک پانی اس وقت آ رہا ہے جب کہ پانی کے اسٹوریج کی صلاحیت ہمارے پاس بالکل نہیں ہے۔ اتنی مقدار میں آ رہے پانی کو ہم روک نہیں سکتے۔ یہی حالت راوی کے پانی کو روکنے والے رنجیت ساگر پشتہ کی ہے۔ پٹھان کوٹ کے پاس بن رہے شاہ پور کنڈی پشتہ کے چیف انجینئر جے ایس نیگی کا کہنا ہے کہ رنجیت ساگر پشتہ میں اس وقت 514 میٹر تک پانی ہے۔ اسے ہمیں 08-507 میٹر تک لانا ہے۔ ایسا نہیں کیا گیا تو زیر تعمیر شاہ پور کنڈی پشتہ کو زبردست نقصان پہنچ سکتا ہے۔


بات صاف ہے کہ اسٹوریج کیپسٹی نہ ہونے کے سبب پانی پاکستان کی طرف چھوڑنا ہی ہوگا۔ پلوامہ حملے کے بعد مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا تھا کہ ہم اپنے حصے کا پانی پاکستان نہیں جانے دیں گے۔ پاکستان جانے والی ندیوں کا راستہ موڑ کر انھیں جمنا ندی سے ملانے تک کا وعدہ گڈکری نے کیا تھا۔ پاکستان کی طرف بہنے والی ندیوں کا راستہ موڑنے والے سبھی پروجیکٹ کے نیشنل پروجیکٹ ہونے کی بات بھی کہی گئی تھی۔ لوک سبھا انتخاب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پنجاب کے ہوشیار پور میں ہوئی ریلی میں پاکستان جانے والے پانی کی ایک ایک بوند روک کر اسے کسانوں کو دینے کی بات کہی تھی۔

پٹھان کوٹ کے پاس جموں کی طرف سے آنے والے اُج ندی کے راوی میں ملن کے مقام مکوڑا پتّن میں بیراج بنانے کا بھی گڈکری نے الیکشن سے پہلے بڑے زور و شور سے اعلان کیا تھا۔ اس پروجیکٹ کے پورا ہونے سے نہ صرف پاکستان کو جانے والے پانی کو پوری طرح روکا جا سکے گا بلکہ سرحد سے ملحق گرداس پور اور امرتسر جیسے شہروں کی پیاس بھی بجھائی جا سکے گی۔ ان شہروں کی ضرورت ہی محض 300 کیوسک کے آس پاس ہے جب کہ آف سیزن میں بھی یہاں 500 کیوک سے زیادہ پانی موجود رہتا ہے۔ چینلائز ہونے کے بعد یہاں اتنا پانی ہوگا کہ اس کا استعمال زراعت کے لیے کیا جا سکے گا۔ الیکشن سے پہلے کیے گئے ان وعدوں کے پورا ہونے کا سبھی کو انتظار ہے۔


ہریکے پتّن سے رکن اسمبلی ڈاکٹر دھرم بیر اگنی ہوتری کا کہنا ہے کہ بارش میں تو یہاں سے اتنا پانی پاکستان جاتا ہے کہ وہاں کسانوں کی فصلیں تباہ ہو جاتی ہیں جب کہ اس وقت جب ہمارے کسانوں کو پانی کی ضرورت ہے، تب بھی یہ پاکستان جا رہا ہے۔ دھرم بیر نے کہا کہ مرکز نے پنجاب کی ندیوں کے پانی کو روکنے کے لیے جو بھی وعدے کیے تھے، ان پر ابھی تک کوئی پیش قدمی نہیں ہوئی ہے۔

ہندوستانی کسان یونین پنجاب کے صدر بلبیر سنگھ راجووال کا کہنا ہے کہ مفت میں سارا پانی پاکستان جا رہا ہے جب کہ دھان کی بوائی کے لیے پنجاب کے کسانوں کو پانی کی ضرورت ہے۔ راجووال کا کہنا ہے کہ اس موسم میں آج تک کبھی اتنا پانی پاکستان نہیں گیا جتنا اس وقت جا رہا ہے۔ ستلج اور ویاس بھری ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم تو ریلیوں میں بولتے رہے ہیں۔ راجوولا کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان جانے والے پانی کی بوند بوند روکنے کا وعدہ بھی شاید ان کا جملہ ہی ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2019, 1:10 PM