بی جے پی انتخابات میں دھاندلی کر کے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی انتخابات میں دھاندلی کر کے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے

اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بی جے پی انتخابات میں دھاندلی کرکے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہ ’’بی جے پی نے آئینی اداروں کو نقصان پہنچایا ہے اور ان کا ایجنڈا صرف طاقت کا غلط استعمال ہے۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے سماج وادی پارٹی کے حامیوں کے ووٹ کم کرنے کی سازش کی۔‘‘

ایس پی سربراہ اکھلیش یادو منگل کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر پر آئے کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کسان مخالف ہے۔ تین کالے زرعی قوانین کے خلاف تحریک میں 800 کسان شہید ہوئے۔ بی جے پی حکومت میں مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے۔ بی جے پی حکومت نے مہنگائی، بے روزگاری کو کم کرنے اور غربت ختم کرنے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ کسانوں کی گندم لوٹ لی گئی۔ کسانوں کو گندم کی لاگت کے برابر بھی قیمت نہیں ملی۔‘‘


انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کی پشت پناہی میں دو کمپنیوں نے ریفائنڈ آئل مارکٹ کے 60 فیصد پر قبضہ کر لیا ہے۔ مارکٹ کو کنٹرول کرنے کی سوچی سمجھی سازشیں جاری ہیں۔ صرف چند کمپنیاں کسانوں سے دھان اور گندم خرید رہی ہیں۔ کسان کو نہ تو اپنی فصل کے لیے ایم ایس پی ملا اور نہ ہی سیلاب اور خشک سالی سے متاثرہ فصل کا معاوضہ ہی مل سکا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کے دور حکومت میں افرا تفری پھیلی ہوئی ہے۔ امن و امان تباہ ہو چکا ہے۔ تعلیم اور صحت کی خدمات تباہ حال ہیں۔ اس حکومت سے انصاف کی کوئی امید نہیں۔ لوگ بجلی اور پانی کے لیے پریشان ہیں۔ انہوں نے بجلی کا ایک یونٹ بھی پیدا نہیں کیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔