پی ایم مودی کے یوم پیدائش پر بی جے پی’یومِ خدمت‘ اور کانگریس’یومِ بے روزگار‘ منانے کے لیے پرعزم

یوتھ کانگریس صدر سرینواس بی وی کا کہنا ہے کہ بے روزگاری کی شرح ایک سال میں 2.4 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگئی ہے، لیکن اس طرف مودی حکومت کی کوئی توجہ نہیں، بے روزگاری اس وقت سب سے بڑی وبا بن چکی ہے۔

نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
نریندر مودی، تصویر پی آئی بی
user

تنویر

آئندہ 17 ستمبر کو پی ایم مودی 71 سال کے ہو جائیں گے، اور اس موقع پر ایک طرف جہاں بی جے پی نے ’سیوا دیوس‘ (یومِ خدمت) منانے کا اعلان کیا ہوا ہے، وہیں کانگریس نے اس دن ’یومِ بے روزگار‘ منانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں یوتھ کانگریس صدر سیرنواس بی وی نے کہا کہ ان کی تنظیم نے 17 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر ’یوم بے روزگار‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرینواس کا کہنا ہے کہ یوتھ کانگریس 17 ستمبر کو پورے ملک میں مختلف پروگرام کا انعقاد کرے گی اور مودی حکومت میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے حوالے سے لوگوں کو تفصیل بتائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان آج سڑکوں پر بے روزگار گھوم رہے ہیں اور حکومت سالانہ دو کروڑ نوکریاں دینے کے بڑے وعدے کر کے برسر اقتدار آنے کے باوجود روزگار کے معاملے پر مکمل طور پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔


یوتھ کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے نوجوان بے روزگار ہیں، لیکن حکومت اپنا جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا کر اپنی برانڈنگ میں مصروف ہے۔ بے روزگاری کی شرح ایک سال میں 2.4 فیصد سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگئی ہے، لیکن اس طرف مرکزی حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ سچ تو یہ ہے کہ بے روزگاری اس وقت سب سے بڑی وبا بن چکی ہے اور مودی حکومت کی خاموشی ملک کے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی نے 17 ستمبر کو ’سیوا دیوس‘ کی شکل میں منانے کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے اور اس کے لیے زبردست تیاریاں ہو رہی ہیں۔ 17 ستمبر کو بی جے پی نے کورونا ٹیکہ کاری کو لے کر ایک نیا ریکارڈ بنانے کا منصوبہ بھی تیار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حکومت کے طبی اہلکار تو ٹیکہ کاری مہم میں حصہ لیں گے ہی، بی جے پی کے بھی تقریباً 8 لاکھ طبی اہلکار (سویم سیوی) ٹیکہ کاری مہم سے جڑیں گے تاکہ ہندوستان کا ہی ایک دن میں 1.40 کروڑ سے زیادہ ٹیکہ لگانے کا عالمی ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔