منی پور میں اقتدار پر قابض رہنے کے لیے بی جے پی نے ضابطوں کی خلاف ورزی کی: کانگریس
منی پور میں کانگریس کمیٹی کے اسپیشل آبزرور اجے ماکن نے بیان جاری کر الزام عائد کیا کہ اسپیکر نے منمانے طریقے سے کام کیا اور راجیہ سبھا الیکشن میں ایسے اراکین اسمبلی کو ووٹ دینے دیا گیا جو نااہل تھے۔
کانگریس نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے منی پور میں اقتدار پر قبضہ جمائے رکھنے کے لیے قانون کے سبھی ضابطوں کی خلاف ورزی کی، غیر اخلاقی اقدام اٹھائے اور پریمیر جانچ ایجنسی کا بیجا استعمال کیا۔ کانگریس نے بی جے پی پر جمہوریت کے قتل کا الزام بھی عائد کیا۔ منی پور میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اسپیشل آبزرور اجے ماکن نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واضح لفظوں میں کہا ہےکہ "اسپیکر نے منمانے طریقے سے کام کیا۔ انھوں نے راجیہ سبھا الیکشن میں ایسے اراکین اسمبلی کو ووٹ دینے دیا جو اس کے اہل نہیں تھے اور جو بی جے پی کی حمایت کر رہے تھے۔" اجے ماکن نے الزام عائد کیا کہ راجیہ سبھا انتخاب میں جیت یقینی بنانے کے لیے کئی غیر قانونی کاموں کو انجام دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں منی پور میں ہوئے سیاسی اتھل پتھل کے دوران بی جے پی کے 3 اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا اور این پی پی کے 4 وزراء نے بھی وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ساتھ ہی ترنمول کانگریس کے تنہا رکن اسمبلی نے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدارتی عہدہ سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد منی پور میں بی جے پی کے لیے پریشانیاں بڑھ گئی تھیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ حکومت گر جائے گی۔
بہر حال، ماکن نے منی پور کے تعلق سے کہا کہ "یہ سب بی جے پی حکومت کے غیر جمہوری کام کی وجہ سے ہوا، جہاں سبھی فیصلے مبینہ طور پر دیگر وزراء اور اراکین اسمبلی سے مشورہ کیے بغیر وزیر اعلیٰ نے خود لیے تھے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Jun 2020, 2:11 PM