بی جے پی اتر پردیش میں 9 سیٹوں پر ضمنی الیکشن لڑ سکتی ہے، آر ایل ڈی کے کھاتے میں ایک سیٹ!
ذرائع نے بتایا کہ 10 سیٹوں میں سے بی جے پی 9 سیٹوں پر اور آر ایل ڈی میراپور سے ایک سیٹ پر الیکشن لڑے گی اور بی جے پی اپنے امیدواروں کا اعلان 20 اکتوبر تک کر سکتی ہے۔
اتر پردیش میں 10 اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں دہلی میں جاری یوپی بی جے پی کی میٹنگ ختم ہوگئی۔ خبروں کے مطابق کہ ان 10 سیٹوں میں سے بی جے پی 9 پر اور آر ایل ڈی میرپور سے ایک سیٹ پر الیکشن لڑے گی۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کی 10 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کو لے کر بی جے پی کی جاری میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔ اس میٹنگ میں بی جے پی کو 9 اور مظفر نگر کی میراپور سیٹ آر ایل ڈی کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بی جے پی 9 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑا کرے گی ۔بی جے پی 20 اکتوبر تک اپنے امیدواروں کا اعلان کر سکتی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ سنجے نشاد ماجھوا کی سیٹ کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن بی جے پی نے آر ایل ڈی کو ایک سیٹ کے علاوہ کسی ساتھی کو کوئی سیٹ نہیں دی ہے اور سنجے نشاد کو منانے کی ذمہ داری پارٹی کے اعلی رہنماؤں کو سونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے کرہل، ملکی پور، کٹہاری، کندرکی، غازی آباد، خیر، میراپور، پھول پور، مانجھوا اور سیساماؤ میں ضمنی انتخابات ہونے ہیں۔ ان سیٹوں میں سے سماج وادی پارٹی کے پاس 5، آر ایل ڈی-نشاد پارٹی کے پاس ایک ایک سیٹ تھی، جب کہ بی جے پی کے پاس 3 سیٹیں تھیں۔ لیکن جس طرح سے سماج وادی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو حیران کیا، اس کو دیکھتے ہوئے ان ضمنی انتخابات کو یوگی آدتیہ ناتھ کے لیے لٹمس ٹیسٹ سمجھا جا رہا ہے۔
حال ہی میں سماج وادی پارٹی نے 6 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ فہرست کے مطابق تیج پرتاپ یادو کو اکھلیش یادو کی کرہل اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ ملا ہے۔ تیج پرتاپ اکھلیش کے کزن ہیں۔ وہیں اجیت پرساد کو ایودھیا کے ملکی پور سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اجیت ایم پی اودھیش پرساد کے بیٹے ہیں اس کے علاوہ ایس پی نے نسیم سولنکی کو کانپور کے سیسماؤ سے اپنا امیدوار بنایا ہے۔ وہیں پریاگ راج کے پھول پور سے مصطفی صدیقی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر جیوتی بند کو مرزا پور کے ماجھواسے اور شوبھاوتی ورما کو امبیڈکر نگر کے کٹہری سے ٹکٹ ملا ہے۔ سماج وادی پارٹی نے چھ میں سے چار سیٹوں پر پسماندہ اور دلت امیدوار کھڑے کیے ہیں، جب کہ اس نے دو سیٹوں پر مسلم چہروں کو جگہ دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔