2024 میں بی جے پی کا صفایا کرنا ہے، مہاگٹھ بندھن کی ریلی سے لالو یادو کا خطاب
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ذہنیت خراب ہے اور 2024 میں ملک کو مضبوط کرنا ہوگا۔ نیز نریندر مودی وہی کرتے ہیں، جو آر ایس ایس چاہتی ہے۔
پورنیہ: بہار کے پورنیہ میں مہاگٹھ بندھن کی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ حال ہی میں گردے کی پیوندکاری کراکر سنگاپور سے لوٹے آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران لالو یادو نے کہا کہ ہمیں ملک اور آئین کی حفاظت کرنی ہے اور بی جے پی کا 2024 میں ملک سے صفایا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک ٹکڑگے ٹکڑے ہونے کی کگار پر ہے اور بی جے پی اور آر ایس ایس محض مکھوٹا ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لالو یادو نے کہا کہ بی جے پی کی ذہنیت خراب ہے اور 2024 میں ملک کو مضبوط کرنا ہوگا۔ نیز نریندر مودی وہی کرتے ہیں، جو آر ایس ایس چاہتی ہے۔ ہم متحد رہیں تو ملک محفوظ رہے گا۔ بہار کے پیغام کا ملک پر اثر ہوتا ہے، 2015 کی تاریخ کو دہرانا ہوگا۔
لالو نے آج کھلے اسٹیج سے بیٹی روہنی کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی نے مثال پیش کی۔ اقلیتوں کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ اس سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ راشن دے کر ووٹ لینے کی کوشش ہو رہی ہے۔ بی جے پی راشن تقسیم کر کے اس کا سہرہ اپنے سر باندھ رہی ہے۔
دریں اثنا، جے ڈی یو کے صدر لالن سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر نشانہ لگایا۔ دراصل، امت شاہ نے آج ہی مغربی چمپارن میں ہونے والی اپنی ریلی میں نتیش کمار کو نشانہ بنایا تھا۔ اس پر جوابی حملہ کرتے ہوئے لالن سنگھ نے کہا کہ لالو یادو جنگل راج نہیں بلکہ سماجی انصاف کی لڑائی کی علامت ہیں۔
لالن سنگھ نے کہا کہ بہار میں مہاگٹھ بندھن کی طاقت سے بی جے پی بے چین ہے۔ ملک میں کارپوریٹ فراڈ ہوا لیکن مرکزی حکومت کے پاس اس کا جواب نہیں ہے۔ بی جے پی ای ڈی-سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے ذریعے حکومت کر رہی ہے۔ یہ جمہوریت کے لئے خطرہ ہے۔ ملک کو بچانے کی ضرورت ہے۔ اگر ملک کو بچانا ہے تو 2024 میں ملک کو بی جے پی سے پاک کرنا ہوگا۔ مہاگٹھ بندن بہار کی تمام 40 لوک سبھا سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔
قبل ازیں، وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے جلسہ عام میں کہا کہ جے ڈی یو اور آر جے ڈی کا اتحاد ایک ناپاک اتحاد ہے۔ یہ پانی اور تیل کی طرح ہے۔ اس میں جے ڈی یو کا پانی اور آر جے ڈی کا تیل ہے۔ یہ بھی کہا کہ جس کانگریس کے خلاف نتیش کمار زندگی بھر لڑے، جس جنگل راج کے خلاف وہ بی جے پی کے ساتھ لڑے، یہاں این ڈی اے کی حکومت قائم کرائی لیکن بعد میں نتیش کمار جنگل راج کے علمبردار لالو پرساد یادو کی گود میں بیٹھ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔