بی جے پی حامی کی عتیق اور اشرف کے قاتلوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرنے کی پیشکش!
شاہجہاں پور میں بی جے پی کی ایک حامی نے گزشتہ ہفتے الہ آباد میں مبینہ گینگسٹر اور سیاستدان عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف احمد کے قتل کے ملزمان کو مفت قانونی مدد کی پیشکش کی ہے
شاہجہاں پور: شاہجہاں پور میں بی جے پی کی ایک حامی نے گزشتہ ہفتے الہ آباد میں مبینہ گینگسٹر اور سیاستدان عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف احمد کے قتل کے ملزمان کو مفت قانونی مدد کی پیشکش کی ہے۔ دریں اثنا، سہارنپور سے بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے عتیق کے قتل کو یوگی حکومت کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے عتیق اور اشرف کو اوپر پہنچا دیا ہے!
رپورٹ کے مطابق ‘ہندوازم آرٹ اینڈ کلچر فاؤنڈیشن‘ نامی تنظیم چلانے والی راگنی سنگھ نامی بی جے پی حامی نے کہا ’’ان لڑکوں نے دہشت کو ختم کرنے اور ہمارے معاشرے کی مدد کرنے میں زبردست جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔ چونکہ وہ غریب پس منظر سے ہیں ہم انہیں اپنی تنظیم کی جانب سے ہر ممکن قانونی مدد فراہم کریں گے۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ عتیق کے قتل کو جائز قرار دے رہی ہیں، رگنی نے کہا ’’اسے کسی بھی طرح سے مناسب قرار نہیں دیا جا سکتا لیکن میں اس قسم کی سرگرمیوں کے بھی خلاف ہوں جس میں عتیق ملوث تھا۔‘‘
دریں اثنا، بی جے پی کے رکن اسمبلی راجیو گمبر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’’اوپر بھیج دیا نا ہم نے! عتیق کو اوپر پہنچایا کہ نہیں پہنچایا! اب سہارنپور کے غنڈوں کی باری ہے، اس لیے ہمارے امیدوار کو ووٹ دیں۔‘‘ راجیو بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کے میئر عہدے کے امیدیدوار اجے کمار کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔