بی جے پی آر ایس ایس کے اشارے پرمنافرت پھیلا رہی ہے: اکھلیش
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے تقریباً 40 پارٹیوں سے اتحاد کیا ہے۔ اس لئے اس کا ایس پی۔بی ایس پی اتحاد پر تبصرہ کرنا غیر جمہوری ہے۔ بی جے پی اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بے چین ہے۔
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ آر ایس ایس کی ہدایتوں پر کام کررہی مرکز کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت نفرت کو بڑھانے میں لگی ہوئی ہے۔
بہار کے سابق وزیر اعلی اور سماج وادی لیڈرکرپوری ٹھاکر کی جینتی پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ہندوستان کو سخت حالات درپیش ہیں، دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے ہندوستان کافی پیچھے رہ گیا ہے۔ بی جے پی جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے نفرت پھیلانے اور سماج کو تقسیم کرنے کا کام کیا ہے۔ دستور کا حلف اٹھانے کی جگہ وہ آر ایس ایس کی ہدایتوں پر کام کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے کوئی کام نہیں کیا ہے۔ وہ صرف دن رات اپنے مخالفین کے خلاف سازشیں کر رہی ہے۔ لوگوں کو گمراہ کرنے کو اپنی حصولیابی بتاتی ہے۔ عوام اب بی جے پی سے آزادی چاہتے ہیں جمہوریت کو بچانے کے لئے ایس پی۔ بی ایس پی کا اتحاد ہی متبادل ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے تقریباً 40 پارٹیوں سے اتحاد کیا ہے۔ اس لئے اس کا ایس پی۔بی ایس پی اتحاد پر تبصرہ کرنا غیر جمہوری ہے۔ بی جے پی اقتدار پر قبضہ کرنے کے لئے بے چین ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جھوٹ بولنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ نوٹ بندی سے پورا معاشی نظام تباہ ہوگیا ہے۔ جی ایس ٹی سے تاجر پریشان ہیں۔ کالادھن واپس نہیں آیا، ہندوستان کے بینکوں کا پیسہ لے کر سرمایہ کار بیرون ملک ہجرت کر گئے، بی جے پی لیڈر ہمیر پور، جالون میں غیرقانونی کانکنی کی پست پناہی کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماج وادی حکومت کے ترقیاتی کاموں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔ تعلیم، صحت، میڈیکل، سڑک کے شعبے میں سماج وادی حکومت کے کاموں کی سبھی ستائش کرتے ہیں، سماج وادی حکومت نے یوپی ڈائل 100 کا نظام تباہی کے دھانے پر ہے۔ گومتی کوسہولیات سے آراستہ کرنے اور خوبصورت بنانے کا فیصلہ بھی بی جے پی حکومت کو نہیں بھایا۔
بی جے پی کے میعاد کار میں ایک یونٹ بجلی پیدا نہیں کی گئی ہے۔ بی جے پی اقتدار میں کسانوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ گنا کسانوں کا سال 2018 کا بقایا نہ ملنے کی وجہ سے کسانوں کی صورتحال تشویشناک ہے، شاملی میں واقع چینی مل کے سامنے ہزاروں کسان ایک ہفتے سے گنے کی قیمتیں نہ ملنے اور بقایا جات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ اترپردیش ہی ہندوستانی سیاست کی سمت کو طے کرتا ہے۔ سماج وادی بی جے پی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، بی جے پی نے انتخابات کے آتے ہی دھوکہ دینے والے اعلانات کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔