اننت ہیگڑے کے شرمناک بیان پر بی جے پی اعلیٰ قیادت معافی مانگے: بالا صاحب تھوراٹ

مہاراشٹر میں کانگریس رکن اسمبلی بالا صاحب تھوراٹ کا کہنا ہے کہ ’’بی جے پی اورسنگھ پریوار کی جانب سے مہاتماگاندھی کے تعلق سے اکثر ایسے توہین آمیز بیانات دیئے جارہے ہیں جو افسوسناک ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: بی جے پی رکن پارلیمنٹ اننت کمار ہیگڑے کے ذریعہ بابائے قوم مہاتماگاندھی کے تعلق سے دیے گئے متنازعہ بیان کی چہار جانب تنقید ہو رہی ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور وزیر برائے محصول بالا صاحب تھوراٹ نے اننت کمار ہیگڑے کے قابل اعتراض بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بی جے پی وسنگھ پریوار کی جانب سے مہاتماگاندھی کے تعلق سے اکثر ایسے توہین آمیز بیانات دیئے جارہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کے اعلیٰ لیڈران کی ایسے بیانات دینے والوں کو پشت پناہی حاصل ہے۔ اننت کمار ہیگڈے کا بیان نہ صرف قابلِ اعتراض ہے بلکہ قابلِ مذمت بھی ہے۔ اس پر بی جے پی کے اعلیٰ لیڈران معافی مانگیں۔‘‘

اننت کمار کے ہیگڑے کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے تھورات نے مزید کہا کہ ’’مہاتماگاندھی کے تعلق سے انہوں نے اپنے جن خیالات کا اظہار کیا ہے، اس سے ان کا ذہنی دیوالیہ پن ظاہر ہوتا ہے۔ انگریزوں کی دلالی وچاپلوسی کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کی مخالفت کرنے والوں کو آزادی کی جدوجہد ایک ڈرامہ ہی محسوس ہوگا۔ یہ بی جے پی کا اصل چہرہ ہے۔ اننت کمار کے بیان کے برخلاف اصل ڈرامہ اورڈھونگ یہ ہے کہ اپنی نظریات کی بنیاد پر جن لوگوں نے مسلسل مہاتماگاندھی کی مخالفت کی، آج وہی مہاتماگاندھی کو قابلِ تقلید قرار دیتے ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ لوگ ایک جانب مہاتماگاندھی کے نظریات پرعمل کرنے کا دکھاوا کرتے ہیں تو دوسری جانب ذلالت کی حد تک نیچے گرکر اپنی مسموم ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔


بالاصاحب تھورات کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا ڈرامہ تو یہ ہے کہ بی جے پی جدوجہد آزادی کے بارے میں بات کرے۔ انگریزوں سے ملک کو آزاد کرانے کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں، اپنی پوری زندگی کوجدوجہد آزادی کے لیے وقف کردیا۔ اس وقت ہیگڑے اور ان کے اجداد انگریزوں کی غلامی اوردلالی کو اپنی خوش بختی سمجھ رہے تھے۔ ملک کی جدوجہد آزادی کو ڈرامہ قرار دے کر اس کی تضحیک کرنے والے اننت کمار ہیگڑے نے مکمل جدوجہد آزادی کی توہین کی ہے۔ مہاتماگاندھی کی تحریک کو ڈرامہ کہہ کر انہوں نے اپنی ذہنیت ظاہر کردی ہے۔ اس سے قبل بھی اسی طرح کے ذہنیت کے لوگوں نے مہاتماگاندھی کے بارے میں نہایت پست باتیں کہیں ہیں۔

اس موقع پر بالاصاحب تھورات نے بی جے پی ایم ایل اے آشیش شیلار کی بھی خوب تنقید کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ کے بارے میں انہوں نے جو کہا ہے وہ ان کی تہذیب کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ادھوٹھاکرے پوری ریاست کے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے بارے میں کچھ کہتے ہوئے تہذیب واحترام کا دامن نہیں چھوڑا جانا چاہیے۔‘‘ تھورات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے مخالفت کی جاسکتی ہے، لیکن یہ مخالفت کرتے ہوئے زبان کے استعمال پر قابو ہوناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شیلار نے وزیراعلیٰ کے لیے جس زبان کا استعمال کیا ہے، دراصل وہ ان کی تہذیب کا ہی حصہ ہے ۔ اپنے اس بیان پر شیلار کو معافی مانگنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔