بی جے پی کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا بھی قانون لائے: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کو زرعی قوانین کو واپس لینے کے ساتھ اپنے اس انتخابی وعدے کو بھی نبھانا چاہیے جس میں اس نے کسانوں کی آمدنی دو گنی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

اکھلیش یادو / تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو / تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت پر نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے کسانوں پر 'دہشت گردانہ حملے کرانے' کا الزام لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو کہا سرمایہ دار دوستوں کی مدد کو آمادہ نریندرمودی حکومت کسانوں کو پریشان کرنے کے بجائے ان کی آمدنی دوگنی کرنے کے ضمن میں قانون لانے پر غور کرنا چاہیے ایسا کرنے سے بی جے پی کا انتخابی وعدہ بھی پورا ہوسکے گا۔

اکھلیش یادو نے یہاں میڈیا نمائندوں سے کہا کہ مرکز و ریاست کی بی جے پی حکومتیں کسانوں اور غریبوں کی دشمن بنی ہوئی ہیں۔ سرمایہ داروں کی مدد کے لئے بنائے گئے نئے قانون پہلے سے بدحال کسانوں کی حالت مزید بگاڑ دے گا اور جب کسان اس کی مخالفت کر رہے ہیں تو ان پر' دہشت گردانہ' حملے کرائے جا رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ حکومت کو زرعی قوانین کو واپس لینے کے ساتھ اپنے اس انتخابی وعدے کو بھی نبھانا چاہیے جس میں اس نے کسانوں کی آمدنی دو گنی کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر آمدنی دو گنی کرنے کی باتیں تو دور حکومت کسانوں پر کالا قانون نافذ کر کے ان کی مالی حالت اور خراب کرنے پر آمادہ ہے۔

سابق وزیر اعلی نے کہا کہ جھوٹ بولنے میں ماہر یہ حکومت اب سڑکوں کو بھی فروخت کر رہی ہے۔جتنی بدعنوانی بی جے پی کے میعاد کار میں ہوئی ہے اتنی پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ ان کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی کی بدعنوانی کی جانچ کرائے گی۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا کہنا ہے کہ اگلے سال سولر پلانٹ سے 10 ہزار میگا واٹ سے زیادہ کی بجلی پیدا کی جائے گی یہ بی جے پی کا ایک اور جھوٹ ہے۔ انہیں نہیں معلوم کہ شمشی توانائی سے بجلی کیسے پیدا ہوتی ہے۔


اس سے پہلے بی ایس پی کے کئی لیڈروں و ذمہ داروں نے سماج وادی پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ انہوں نے سبھی کا استقبال کیا۔ رکنیت حاصل کرنے والوں میں لیاقت علی، رام دلارے بھارگو، عبد الرشید اور ارجن سنگھ شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔