بی جے پی کی پہلی فہرست: امت نے چھینی اڈوانی کی گاندھی نگر سیٹ!
دلچسپ بات یہ ہے کہ گاندھی نگر سیٹ سے بی جے پی کے سینئر رہنما اڈوانی الیکشن لڑتے آئے ہیں لیکن اس مرتبہ یہاں سے امت شاہ کو امیدوار بنایا گیا ہے۔
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے لئے جمعرات کو 182 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی وارانسی، بی جے پی صدر امت شاہ گاندھی نگر اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو لکھنؤ سیٹ سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا گیا۔
بی جے پی کے بزرگ لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کو ان کی روایتی سیٹ گاندھی نگر سے ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گاندھی نگر سیٹ سے بی جے پی کے سینئر رہنما اڈوانی الیکشن لڑتے آئے ہیں اور یہیں سے موجود رکن پارلیمنٹ بھی ہیں لیکن اس مرتبہ ان کی یہ سیٹ امت شاہ کو دے دی گئی ہے۔
امیٹھی سے کانگریس صدر راہل گاندھی کے مقابلے میں بی جے پی نے کپڑے کی وزیر اسمرتی ایرانی کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کے سیکریٹری اور مرکزی وزیر جے پی نڈا نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں پہلی فہرست میں 182 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری کو دوبارہ ناگپور اور مہیش شرما کو گوتم بدھ نگر سے پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔ اداکارہ ہیما مالنی متھرا سے ایک بار پھر قسمت آزمائیں گی۔
جے پی نڈا نے بتایا کہ بہار میں پارٹی کی طرف سے لڑی جانے والی تمام 17 سیٹوں کے لئے امیدواروں کو منتخب کر لیا گیا ہے اور ان کا اعلان اتحادیوں کے امیدواروں کے اعلان کے ساتھ کیا جائے گا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ جنرل وی کے سنگھ کو قومی دارالحکومت خطے کی غازی آباد سیٹ سے دوبارہ امیدوار بنایا گیاہے۔ اتر پردیش کے اناؤ سے ساکشی مہاراج پھر سے الیکشن لڑیں گے۔ مہاراشٹر میں ممبئی نارتھ سینٹرل سے پونم مہاجن بی جے پی کی امیدوار ہوں گی۔
اروناچل ایسٹ سے مرکزی وزیر داخلہ کرن رجیجو، جموں و کشمیر میں اودھم پور سے وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت جتیندر سنگھ، وزیر داخلہ ہنس راج اهير چندراپور سے بی جے پی کے امیدوار ہوں گے۔
اتر پردیش کے باغپت سے مرکزی وزیر ستیہ پال سنگھ اور مہاراشٹر کے دُھلے سے سبھاش بھامرے بی جے پی امیدوار ہوں گے۔ جموں و کشمیر کے اننت ناگ سے صوفی یوسف کو پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔ محنت کے مرکزی وزیر سنتوش گنگوار کو بریلی سے پارٹی نے پھر سے میدان میں اتارا ہے۔
مغربی بنگال کے آسنسول سے مرکزی وزیر بابل سپریو کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ راجستھان کے بیکانیر سے مرکزی وزیر ارجن میگھوال کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔