ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب: بی جے پی نے 6 امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست جاری کی
ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، اس کی آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے جبکہ 12 نومبر کو ووٹنگ ہوگی جس کا نتیجہ 8 دسمبر کو برآمد ہوگا۔
ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بی جے پی نے اپنے 6 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کر دی ہے۔ دوسری فہرست میں پارٹی نے دیہرا سے رمیش دھوالا، جوالامکھی سے رویندر سنگھ روی، کلو سے مہیشور سنگھ، بڈسر سے مایا شرما، ہرولی سے رام کمار اور رامپور اسمبلی حلقہ سے کول نیگی کو امیدوار بنایا ہے۔
اس سے قبل بی جے پی نے بدھ کے روز یعنی 19 اکتوبر کو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ اس فہرست میں وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر سمیت 62 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔ 6 امیدواروں کی دوسری فہرست کے ساتھ ہی بی جے پی نے ہماچل پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے سبھی 68 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ہماچل پردیش انتخاب کے لیے نامزدگی پرچہ داخل کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ نامزدگی پرچہ داخل کرنے کے لیے آخری تاریخ 25 اکتوبر ہے۔ ریاست میں 12 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور 8 دسمبر کو نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ہماچل پردیش میں ہر اسمبلی انتخاب میں حکومت بدل جانے کی روایت رہی ہے اور لگاتار دوسری بار انتخاب جیت کر ریاست مین حکومت بنانے کے مشن میں مصروف بی جے پی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا کی آبائی ریاست ہونے کے سبب اس پہاڑی ریاست میں بی جے پی اعلیٰ کمان کا وقار بھی داؤ پر لگا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔