نواب ملک کو ٹکٹ دینے پر بی جے پی اجیت پوار کی این سی پی سے ناراض، مخالفت میں مہم چلانے کا اعلان
مہاراشٹر میں بی جے پی نے اجیت پوار کی این سی پی کی جانب سے نواب ملک کو ٹکٹ دینے پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے لیے انتخابی مہم چلانے سے انکار کر دیا۔ شندے گروپ نے بھی متبادل امیدوار پیش کیا
اجیت پوار کی قیادت میں مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے متنازع شخصیت نواب ملک کو انتخابات میں امیدوار کے طور پر میدان میں اتار دیا ہے، جس کے بعد این ڈی اے کے اتحادیوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ بی جے پی اور شندے کی زیر قیادت شیو سینا نے اس اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شیو سینا نے ملک کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کر دیا ہے، جبکہ بی جے پی نے ملک کی حمایت سے مکمل انکار کر دیا ہے اور یہاں تک کہ ان کے مخالف امیدوار کے لیے مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔
ممبئی میں بی جے پی کے صدر آشییش شیلار نے ایک نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا، "اجیت پوار کو نواب ملک کو ٹکٹ نہیں دینا چاہیے تھا۔ مہاراشٹر کے لوگ ایسی شخصیات کو پسند نہیں کرتے جن کے خلاف سنگین الزامات اور مقدمات درج ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’بی جے پی کا موقف واضح ہے، مہاراشٹر دہشت گردی اور داؤد جیسے عالمی سطح پر بدنام دہشت گردوں کے خلاف ہے۔ ہم ایسے افراد کے ساتھ نہیں کھڑے ہو سکتے۔"
شیلار کا مزید کہنا تھا کہ نواب ملک کے خلاف موجودہ چارچ شیٹ اور ان پر لگے سنگین الزامات کو مہاراشٹر کے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا، بی جے پی کا موقف واضح ہے کہ وہ نواب ملک جیسے امیدوار کے حق میں انتخابی مہم نہیں چلائے گی بلکہ ان کے مخالف امیدوار کے حق میں مہم چلائی جائے گی۔
بی جے پی کی اس پوزیشن سے این سی پی میں اختلافات کا خدشہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر ان پارٹی کارکنوں میں جو نواب ملک کی حمایت کر رہے ہیں۔ شندے کی شیو سینا کی طرف سے نواب ملک کے خلاف امیدوار کھڑا کرنے سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔