بی جے پی کو ملک کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں: للن سنگھ

جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو ملک کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے

للن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
للن سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ: جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو ملک کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے للن سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کو ملک کی ترقی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ ملک چلانے او ر جملے بازی میں بہت فرق ہوتا ہے۔ ملک کو چلانے کے لیے سنجیدگی سے سوچنا پڑتا ہے۔ اس کے لیے پالیسیاں مرتب کرنی پڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو سال سے مرکز کی نریندر مودی حکومت صرف بیان بازی کر رہی ہے۔ مرکزی حکومت کی تمام اسکیمیں زمینی سطح پر ناکام ہو چکی ہیں۔


جے ڈی یو کے قومی صدر نے پٹنہ کے باپو آڈیٹوریم میں بی جے پی کی طرف سے منعقدہ جھلکاری بائی جینتی تقریب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں اسٹیج پر جتنے بی جے پی لیڈر موجود تھے، اتنے ہی سامعین آڈیٹوریم میں موجود تھے۔ جے ڈی یو میں ٹوٹ کے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے کے بیان پر انہوں نے کہا کہ رائے پروگرام کی ناکامی سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے بے لگام اور متنازعہ بیانات دے رہے ہیں۔ درحقیقت وہ ایک ہوا ہوائی لیڈر ہیں۔ ان کی باتوں پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج 3 دسمبر کو آنے والے ہیں، جس میں سب کچھ واضح ہو جائے گا کہ کس کی کتنی مقبولیت ہے۔

للن سنگھ نے بی جے پی کو ریزرویشن مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار حکومت نے ذات پات کی مردم شماری کے بعد آبادی کے تناسب میں ریزرویشن کا دائرہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اعلیٰ ذاتوں کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کے بعد 50 فیصد کی حد والی شرط ٹوٹ چکی ہے۔ ہم لوگوں نے ڈیٹا کی بنیاد پر ریزرویشن دیا ہے۔ اس سے متعلق جو بھی حقائق ہیں، ریاستی حکومت انہیں عدالت کے سامنے پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت جانا بی جے پی کی پرانی پالیسی رہی ہے۔ ان لوگوں نے ذات پات کی مردم شماری اور بلدیاتی انتخابات کے دوران بھی رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔