بی جے پی 5 برسوں میں صرف جھوٹے وعدے کرتی آئی ہے: گہلوت
راجستھان کے سابق وزیراعلی اشوک گہلوت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے قول و فعل میں بہت فرق ہے اور وہ پانچ برسوں میں صرف جھوٹے وعدے کرتی آئی ہے۔
الور: راجستھان کے سابق وزیراعلی اشوک گہلوت نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے قول و فعل میں بہت فرق ہے اور وہ پانچ برسوں میں صرف جھوٹے وعدے کرتی آئی ہے۔
گہلوت ماچاڑی میں واقع سرکاری اسکول کے کھیل میدان میں کانگریس کے امیدوار جوہری لال مینا کی حمایت میں منعقدہ انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے عام لوگوں کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔ بلیک منی لانے اور دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کی بات کہی گئی لیکن ان سب کا کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چوری، ڈکیتی اور عصمت دری کا گراف بڑھا ہے۔ چمبل کی یوجنا کانگریس حکومت کی تھی وہ بھی پوری نہیں ہوسکی۔ حکومت کی ملی بھگت کی وجہ سے غیرقانونی کانکنی اور بجرِی مافیا پیدا ہوگیا۔ کانگریس کے ذریعہ شروع اسکیموں کا نام تبدیل کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں پندرہ لاکھ نوجوانوں کو ملازمت دینے کی بات کہی گئی، وہ بھی پوری نہیں ہوئی۔
گہلوت نے کہا کہ شاہ کو اپنے بیان پر جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس والوں کے گریبان پکڑ کر پوچھیں کہ انہوں نے 76 برس میں کیا کیا، معافی مانگنی چاہیے۔ ا نہوں نے کہا کہ کانگریس کی حکومت بننے پر بی جے پی کی طرح کسی بھی اسکیم کو بند نہیں کریں گے بلکہ انہیں مزید بہتر طریقہ سے چلائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Nov 2018, 11:09 PM