عصمت دری کے قصوروار کلدیپ سینگر کی بیوی کو بی جے پی نے بنایا ضلع پنچایت کی امیدوار
بی جے پی نے اناؤ ریپ کیس کے مجرم کلدیپ سنگھ سینگر کی بیوی سنگیتا سینگر کو ضلع پنچایت کا امیدوار بنایا ہے، کلدیپ بی جے پی سے رکن اسمبلی تھا لیکن بعد میں اسے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا
لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے یوپی کے زیر بحث رہنے والے اناؤ ریپ کیس کے سزا یافتہ کلدیپ سنگھ سینگر کی بیوی سنگیتا سینگر کو ضلع پنچایت انتخابات کا امیدوار بنایا ہے۔ کلدیپ کی اہلیہ سنگیتا سینگر اس وقت ضلع پنچایت صدر ہیں اور 2016 میں آزاد صدر منتخب ہوئی تھیں۔ کلدیپ سینگر بی جے پی کا رکن اسمبلی تھا لیکن عصمت دری کے معاملے میں سزا سنائے جانے کے بعد اسے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
کلدیپ سنگھ سینگر کی اہلیہ سنگیتا سینگر کو بی جے پی نے فتح پور چوراسی سوم علاقے سے ضلع پنچایت کے رکن کا امیدوار بنایا ہے۔ اس کے علاوہ سابق ضلع صدر آنند اوستھی سروسی اول اور نواب گنج کے رخصت پزیر بلاک پرمکھ ارون سنگھ اوراس دوم سے بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہوں گے۔
خیال رہے کہ کلدیپ سنگھ سینگر چار بار بی جے پی کے ٹکٹ پر بانگر مئو سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ سال 2017 میں کلدیپ سنگھ سینگر کو اناؤ کے زیر بحث ریپ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد اسے اگست 2019 میں بی جے پی نے پارٹی سے نکال دیا تھا اور اس کے بعد اس کی اسمبلی کی رکنیت بھی ختم کر دی گئی۔
گذشتہ سال عدالت نے کلدیپ سنگھ سینگر کو عصمت دری اور اغوا کے معاملے میں مجرم قرار دیا تھا اور اسے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ اسی دوران متاثرہ کے والد کی پولیس حراست میں موت کے معاملہ میں بھی سینگر سمیت تمام مجرمان کو عدالت نے 10 سال قید کی سزا سنائی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔