دہلی تشدد: بھیڑ نے بی جے پی کے مسلم رہنما کے گھر کو بھی نہیں بخشا
بی جے پی کے ضلع نائب صدر اختر رضا کو بھی نہیں بخشا، بھیڑ نے ان کے گھر سمیت وہاں موجود دیگر 19 گھروں کو بھی آگ لگا دی
شمال مشرقی دہلی کے حالیہ فرقہ وارانہ تشدد میں اب تک 46 افراد کی موت کی خبر ہے اور ابھی بھی سینکڑوں افراد زخمی ہیں۔ اس درمیان بی جے پی کے ضلع سطح کے رہنما اختر رضا کا کہنا ہے کہ اس نے پولیس اور پارٹی دونوں سے مدد کی گہار لگائی، لیکن کہیں سے مدد نہیں آئی۔ بی جے پی اقلیتی سیل میں ضلع کے نائب صدر اختر رضا کا کہنا ہے کہ پارٹی نے انہیں انصاف دلانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
بھاگیرتھ وہار میں رہنے والے اختر رضا جس محلہ میں رہتے ہیں وہاں 19 دیگر مسلم خاندان کے گھر تھے اور ان سب گھروں کو آگ لگا دی گئی ہے۔ اختر رضا نے بتایا کہ 25 فروری کو ان کے علاقہ میں بھیڑ جمع ہوئی اور شام تک وہاں تشدد کا بازار گرم ہو گیا۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق اختر رضا نے بتایا کہ بھیڑ نے مذہبی نعرے لگائے اور اس کے بعد 19 مسلم گھروں کو نذر آتش کر دیا، جس میں ایک مکان ان کا بھی تھا۔
اختر رضا نے بتایا کہ تشدد کرنے والے لوگوں میں اکثریت باہر کے لوگوں کی تھی۔ اس نے بتایا کہ وہ جب گھر کے 12 افراد کے ساتھ جلتے ہوئے مکانوں کے بیچ سے بھاگ رہے تھے تو بھیڑ ان پر پتھر بازی کر رہی تھی۔ اس نے بتایا کہ اس نے پولیس کی مدد مانگی، لیکن پولیس نے کہا کہ ان کے پاس فورس کی کمی ہے۔ اختر رضا نے یہ بھی بتایا کہ ابھی تک پارٹی کی جانب سے بھی کو ئی مدد نہیں ملی ہے، لیکن پارٹی نے یقین دلایا ہے کہ ان کو انصاف ضرور ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔