بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے عامر خان کو لے کر دیا متنازعہ بیان، بڑھتی آبادی کے لیے ٹھہرایا ذمہ دار
سدھیر گپتا کا کہنا ہے کہ ’’عامر کی پہلی بیوی رینا 2 بچوں کے ساتھ، دوسری کرن راؤ کہاں بھٹکے گی بچے کے ساتھ اس کی فکر نہیں، لیکن دادا عامر تیسری تلاش میں مصروف ہو گئے ہیں۔ یہ پیغام ہے ایک ہیرو کا؟‘‘
ایک طرف آج عالمی یوم آبادی کے موقع پر اتر پردیش کی یوگی حکومت نے آبادی کنٹرول پالیسی کا اعلان کر دیا ہے، اور دوسری طرف آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بھی آبادی کنٹرول کو لے کر جلد کوئی اہم فیصلہ لینے کی بات کر دی ہے۔ اس درمیان مدھیہ پردیش کے مندسور سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ سدھیر گپتا نے معروف اداکار عامر خان اور ان جیسے لوگوں کو بڑھتی آبادی کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ایک انتہائی متنازعہ بیان دے ڈالا ہے۔
سدھیر گپتا نے باضابطہ بالی ووڈ اداکار عامر خان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ملک کی آباد کو بے قابو کرنے میں عامر خان جیسے لوگوں کا ہاتھ ہے جو کہ ملک کے لیے بدقسمتی ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اس سلسلے میں جو بیان دیا ہے اس کی ایک ویڈیو ’نوبھارت ٹائمز‘ (ہندی) نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں سدھیر گپتا کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’عامر خان کی پہلی بیوی رینا دَتہ 2 بچوں کے ساتھ، دوسری کرن راؤ کہاں بھٹکے گی بچے کے ساتھ، اس کی فکر نہیں، لیکن دادا عامر تیسری تلاش میں مصروف ہو گئے ہیں۔ یہ پیغام ہے ایک ہیرو کا؟‘‘
واضح رہے کہ ہندوستان کی آبادی کو کنٹرول کرنے کی باتیں گزشتہ کچھ مہینوں میں کچھ زیادہ ہی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما اور کچھ دوسری بی جے پی حکمراں ریاستوں کے پارٹی لیڈران نے کھل کر اس کے لیے اقلیتی طبقہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ ہیمنت بسوا سرما نے تو آسام میں باضابطہ مسلم علماء اور دانشور حضرات سے ملاقات کر ایک ایسی ٹیم بنانے کا منصوبہ تیار کیا ہے جو خصوصاً مسلم طبقہ میں آبادی کنٹرول کے لیے بیداری پھیلائیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔