پاریکر جب تک ہیں، تبھی تک بی جے پی حکومت ہے محفوظ: ڈپٹی اسپیکر
گوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بی جے پی ممبر اسمبلی مائیکل لوبو نے کہا ہے کہ جس دن وزیر اعلی منوہر پاریکر استعفیٰ دیں گے اسی دن سے ریاست میں سیاسی بحران کا آغاز ہو جائے گا۔
گوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بی جے پی ممبر اسمبلی مائیکل لوبو کا بیان ایک سیاسی بحران کی طرف اشارہ کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ’’گوا میں بی جے پی پارٹی کی حکومت تبھی تک محفوظ ہے، جب تک منوہر پاریکر ریاست کے وزیر اعلی ہیں، جس دن منوہر پاریکر عہدہ چھوڑ دیتے ہیں، یا انہیں کچھ ہو جاتا ہے، ریاست میں سیاسی بحران پیدا ہو جائے گا‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک منوہر پاریکر گوا کے وزیر اعلی ہیں، کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر بہت بیمار ہیں، لوگوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ سخت بیمار ہیں، جو بیماری انہیں ہے، اس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ ’بھگون‘ کے فضل سے وہ اب تک زندہ ہیں، بھگوان انہیں مزید کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے‘‘۔
حال ہی میں بی جے پی ممبر اسمبلی مائیکل لوبو کے ذریعہ کانگریس صدر راہل گاندھی کی تعریف کیے جانے کو لے کر بحث میں آئے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ ’’بیمار چل رہے ہمارے وزیر اعلی منوہر پاریکر کی طبیعت کا حال جاننے کے لئے خصوصی دورے پر راہل گاندھی گوا آئے، ان کی سادگی اور انکساری کو گوا کے عوام اور تمام ہندوستانیوں کو ان کی تعریف کرنی چاہیے، وہ ایک بہت ہی سادہ شخص ہیں، ان جیسے رہنما کی گوا اور ہندوستان کے عوام کو ضرورت ہے‘‘۔ تاہم مائیکل لوبو کے ذریعہ راہل گاندھی کی تعریف کیے جانے سے بی جے پی کے کئی رہنما ناراض ہو گئے تھے۔
بتا دیں کہ گزشتہ سال فروری 2018 سے گوا کے وزیر اعلی موذی مرض کینسر میں مبتلا ہیں، گزشتہ نو ماہ سے وہ گوا، ممبئی، نیویارک اور دہلی کے اسپتالوں میں داخل ہوکر اپنا علاج کروا چکے ہیں، ابھی بھی ان کا علاج جاری ہے، اس موذی مرض کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح خراب ہوچکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔