پنڈت نہرو پر بی جے پی رکن اسمبلی کا قابل اعتراض تبصرہ، مغربی یو پی کے برہمن سخت برہم

ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی شان میں گستاخی کے خلاف مغربی اتر پردیش کے برہمنوں میں سخت غم و غصہ نظر آ رہا ہے، گاؤں گاؤں پنچایت ہو رہی ہے اور ایک بڑی تحریک کی تیاری کی جا رہی ہے

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

آس محمد کیف

مظفر نگر: کھتولی سیٹ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی وکرم سنگھ سینی نے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو پر انتہائی قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے جس کے بعد علاقہ کے برہمنوں میں جہاں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے، وہیں سیکولرازم کے حامیوں نے ایک تحریک چھیڑنے کی بھی تیاری کر لی ہے۔

مظفر نگر میں برہمن طبقہ نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور گاؤں گاؤں پنچایتوں کا دور جاری ہے۔ اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ کے دفتر پر ہزاروں لوگ مظاہرہ کر چکے ہیں۔ مظاہرے کے دوران بی جے پی کے تئیں سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بڑی تحریک چلانے کا انتباہ دیا گیا۔ ناراض برہمن طبقہ نے اعلان کیا ہے کہ جواہر لال نہرو اور ان کے خاندان کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی وکرم سنگھ سینی کو جب تک پارٹی سے برخاست نہیں کیا جاتا اور جب تک ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جاتا، اس وقت تک وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔


مظفرنگر شہر کے محلہ انکت وہار میں برہمن طبقہ کے معزز افراد کی ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے راکیش شرما نے کہا، ’’وکرم سنگھ سینی کے برخاست ہونے تک ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ سیاست اپنی جگہ ہے، تمام لوگ مختلف جماعتوں سے ہیں لیکن پنڈت جواہر لال نہرو اور ان کے خاندان کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا جانا ناقابل قبول ہے۔ پنڈت نہرو پر تبصرہ تمام برہمنوں کی توہین ہے۔ ‘‘

پنڈت نہرو پر بی جے پی رکن اسمبلی کا قابل اعتراض تبصرہ، مغربی یو پی کے برہمن سخت برہم

مظفرنگر میں ہونے والی میٹنگ میں شامل ’برہمن مہاسبھا‘ تنظیم کے رہنما دنیش شرما نے کہا کہ ’’گزشتہ ایک ہفتہ سے وکرم سنگھ سینی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے لیکن بی جے پی ان کے خلاف کچھ بھی نہیں کر رہی۔ یہاں تک کہ ان سے جواب طلب بھی نہیں کیا گیا ہے۔


پنڈت نہرو پر بی جے پی رکن اسمبلی کا قابل اعتراض تبصرہ، مغربی یو پی کے برہمن سخت برہم

رکن اسمبلی کے قابل اعتراض تبصرہ کے خلاف مظفرنگر کے سیول لائن تھانہ میں تحریر بھی دے دی گئی ہے۔ یہ تحریر کانگریس کے رہنما سبودھ شرما نے دی ہے۔ سبودھ شرما کے مطابق پنڈت نہرو ’بھارت رتن‘ ہیں۔ ملک کے لیے ان کے خاندان کا تعاون ناقابل فراموش اور ان کی جدو جہد مثالی ہے۔ بی جے پی قیادت کو چاہیے کہ وہ وکرم سنگھ سینی کو فوری طور پر برخاست کرے۔

واضح رہے کہ وکرم سنگھ سینی نے کچھ دن پہلے یہ بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی ملک میں خوف محسوس کرے اسے بم سے اڑا دینا چاہیے۔ حال ہی میں انہوں نے کشمیری خواتین کے خلاف بھی انتہائی قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ وکرم سنگھ کوال کے رہائشی ہیں اور یہاں فساد کے بعد ان پر قومی سلامتی قانون کے تحت مقدمہ عائد کیا گیا تھا اسی لئے وہ کافی دن تک جیل میں بھی رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2019, 2:09 PM