ہمیں قوم پرستی سکھانے والے بی جے پی لیڈر صرف زبان درازی میں ماہر: کمل ناتھ

کمل ناتھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سے وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ وہ بتائے کہ کیا ان کی پارٹی کا کوئی شخص مجاہد آزادی رہا ہے؟

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سنگرولی: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ نے قوم پرستی کے سوال پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’ملک كی آزادی کے لئے کانگریس نے سب سے زیادہ جد و جہد کی لیکن بی جے پی لیڈر ہمیں ہی قوم پرستی کا سبق پڑھا رہے ہیں، وہ صرف بولنا جانتے ہیں۔‘‘

کمل ناتھ نے کانگریس امیدوار اجے سنگھ کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے قوم پرستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان سے وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ وہ بتائے کہ کیا ان کی پارٹی کا کوئی شخص مجاہد آزادی رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کا سبق پڑھانے والے بی جے پی لیڈر صرف زبان درازی میں ماہر ہیں۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ’’بی جے پی کی حکومت کے دوران ملک میں سب سے زیادہ دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ یہاں تک کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں جب دہشت گردانہ حملہ ہوا، اس وقت بھی ملک میں ان ہی کی حکومت تھی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہم اجے سنگھ کے ساتھ مل کر سیدھی۔ سنگرولی کی ترقی کی نئی تاریخ رقم کریں گے۔‘‘

قبل ازیں ہوائی پٹی میں انوپ پور اور ریوا-سنگرولی انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے کے لئے جاتے وقت اپنے قلیل مدتی قیام کے دوران کمل ناتھ نے کانگریس کارکنان سے ملاقات کی۔ کارکنان سے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا، ’’وقت کم ہے اور ہر جگہ پہنچ کر لوگوں سے خطاب کرنا ممکن نہیں ہے اس لئے کارکنان کے کاندھوں پر اہم ذمہ داری آ گئی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ انہیں کانگریس کارکنان پر مکمل یقین ہے کہ وہ کانگریس کی پالیسیوں اور بی جے پی کی بدعنوانی کو عوام تک لے کر جائیں گے اور انہیں بیدار کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔